ڈالروں اور عزت نفس میں سے اب کسی ایک کا چناؤ ہوگا نثار

ہنگو میں ڈرون حملے کے بعد اب کسی امریکی یقین دہانی پر اعتبار نہیں کیا جاسکتا،وفاقی وزیرداخلہ


Monitoring Desk/INP November 23, 2013
امریکی اپنی الف لیلیٰ مجھے بھی سنانے آئے تھے میں نے توانکار کردیا،امریکاپاکستان میں امن چاہتاہے نہ مذاکراتی عمل آگے بڑھنے دینا چاہتا ہے فوٹو: فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ہنگو میں ڈرون حملے کے بعد اب کسی امریکی یقین دہانی پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔

امریکا کو اب کوئی کیسے اپنا دوست کہہ سکتا ہے؟ قوم کو اب امریکی ڈالروں اور عزت نفس میں سے اب کسی ایک کا چناؤ کرنا ہوگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیاکے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکی اپنی الف لیلیٰ کی کہانی مجھے بھی سنانے آئے تھے میں نے تو سننے سے انکار کر دیا، پتہ نہیں سرتاج عزیز نے کس طرح امریکی یقین دہانی پر اعتبار کرلیا۔ انھوں نے کہاکہ12سال سے امریکا کے ڈالر پاکستان میں کون سا سکون لے کر آئے جو اب ان ڈالروں سے خیر کی توقع کی جائے۔ آج انھی ڈالروں کی وجہ سے ملک کے طول و عرض میں آگ برس رہی ہے۔



امریکا نے پاکستان کی جانب سے ڈرون حملوں کی بندش کے پرزور مطالبے اور وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے دورہ امریکا میں ان حملوں کی بھرپور مخالفت کے باوجود حملے جاری رکھنے کے اقدام سے ثابت ہوگیا کہ امریکا پاکستان کے اندر امن چاہتا ہے نہ امن مذاکرات کا عمل آگے بڑھنے دینا چاہتا ہے۔ دریں اثنا وزیر داخلہ چوہدری نثار جمعے کی شام اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے جہاں وہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کے علاوہ آج(ہفتے کو) وزیراعظم نواز شریف سے ملک کی مجموعی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مقبول خبریں