ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4695 ہوگئی، 66 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعـء 10 اپريل 2020
ملک کے 587 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری فوٹو: فائل

ملک کے 587 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری فوٹو: فائل

 اسلام آباد / کراچی: ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار 695 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے 66 افراد جاں بحق اور 727 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 478 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 284 میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی۔ جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کا شکار افراد کی تعداد 4 ہزار 695ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے جب کہ 45 کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 66 ہوگئی ہے۔

کہاں کتنے مریض ؟

حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2287،سندھ 1214، بلوچستان 219، خیبر پختونخوا میں 620، آزاد کشمیر 33، اسلام آباد میں 107 اور گلگت بلتستان میں 215  کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں سب سے زیادہ ہلاکتیں

ملک بھر میں اب تک 66 افراد کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں 22، سندھ 21، پنجاب 18 ،گلگت بلتستان 3 جب کہ اسلام آباد اور بلوچستان میں ایک ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔

54706 افراد کے ٹیسٹ

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق اب تک ملک بھر میں 54 ہزار 706 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ جب کہ ملک کے 587 اسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے۔

لاک ڈاؤن سے متعلق فیصلہ 14 اپریل کے بعد

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا پے کہ حکومت کورونا وائرس سے بے روزگار ہونے والے مزدور اور دیہاڑی دار طبقے کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، گزشتہ 3 ہفتوں سے لاک ڈاوَن کا سامنا کررہے ہیں، لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہی کورونا کے پھیلاؤ پر کنٹرول ہوا، لاک ڈاؤن بڑھانے یا اس میں نرمی کا فیصلہ 14 اپریل کے بعد کیا جائے گا، دیکھا جائے گا کہ کون سے علاقوں میں لاک ڈاؤن میں آسانی پیدا کی جاسکتی ہے، جہاں کیسز زیادہ ہوں گے وہاں سختی زیادہ کی جائے گی۔

وزیر اعلی سندھ کے بہنوئی کا انتقال کیسے ہوا؟

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سید مہدی شاہ 52 سال کے تھے، 28 مارچ کو ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، وہ کورونا سے جنگ جیت گئے تھے، ان کے 2 ٹیسٹ منفی آئے تھے، انہیں کورونا کے باعث پھیپھڑوں اور دیگر امراض نمودار ہوئے جس کی وجہ سے وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ اسپتال میں مہدی شاہ کو کورونا کا مریض ڈکلیئر نہیں کیا، اس کے باوجود ہم نے مہدی شاہ کی تدفین کورونا کے بنیاد پر کی.

نقد رقم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ

ملتان کے قاسم پور سینٹر میں احساس پروگرام کے تحت مستحقین میں نقد رقوم کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی۔ جس کے نتیجے میں ایک خاتوں جاں بحق جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئیں۔ جاں بحق ہونے والی 80 سالہ خاتون کی شناخت نذیراں بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔

دوپہر 12 سے ساڑھے 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے تحت صوبے بھر میں دن 12 سے سہہ پہر 3 بجے تک شہریوں کو بھی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی گئی، صوبے بھر میں تمام مذہبی اجتماعات پر پابندی رہی، مساجد میں پیش امام، موذن اورانتظامیہ کے 3 سے 5 افراد کو اجازت تھی۔

قانون نافذ کرنیوالےاداروں کےاہلکار، ادویات، خوراک و دیگر لازمی اشیا کی صنعتیں، ڈسٹری بیوٹرز، ڈاکٹرز، نیم طبی عملہ، بجلی پانی اور گیس کی فراہمی پر مامور اداروں کے عملے پر پابندی نہیں تھی۔ اس کے علاوہ سیلولر فون سروس کمپنیز کا ضروری عملہ اور کال سینٹر ایجنٹس پابندی سےمستشنی تھے۔

مزید چینی امداد پہنچ گئی

پی آئی اے کی پرواز پی کے 8852 کے ذریعے چین کے شہر بیجنگ سے پی آئی اے کی پرواز پر کورونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان لایا گیا۔ جن میں حفاظتی ماسکس، ماسک، کٹس اور وینٹی لیٹرز سمیت دیگر سامان موجود ہے۔

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔