کراچی کورونا کے شکار ایک ہی خاندان کے 11 میں سے 6 افراد صحت یاب

معمولی دوا کے ساتھ وٹامن سی کی غذاؤں، کھجور کا استعمال کیا اور دن میں چار بار بھاپ لی، صحت یاب افراد کی بات چیت


Staff Reporter April 12, 2020
معمولی دوا کے ساتھ وٹامن سی کی غذاؤں، کھجور کا استعمال کیا اور دن میں چار بار بھاپ لی، صحت یاب افراد کی بات چیت (فوٹو : انٹرنیٹ)

کورونا وائرس سے متاثرہ ایک ہی خاندان کے 11 افراد میں سے 6 مریض صحت یاب ہوگئے، صحت یاب افراد نے عوام کو سماجی فاصلہ اختیار کرنے اور وٹامن سی کی غذاؤں کے زیادہ استعمال کا مشورہ دے دیا۔

ایکسپریس کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ایک ہی خاندان کے کورونا وائرس سے متاثرہ 11 افراد میں سے 6 مریض صحت یاب ہوگئے۔ صحت یاب افراد نے وٹامن سی کی غذاؤں، کھجور، زائد پانی اور معمولی ادویات کا استعمال کیا جب کہ دن میں چار بار بھاپ سے پھیپھڑوں کو تقویت بخشی۔

متاثرہ 56 سالہ شخص نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا انگلینڈ سے پاکستان آیا جو کہ وائرس سے متاثر تھا، پاکستان آمد کے بعد اس نے کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت نکلا بعدازاں خاندان کے دیگر افراد کے بھی کورونا ٹیسٹ کروائے اور اس طرح 11 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام متاثرہ افراد نے خود کو الگ الگ جگہوں پر گھروں میں سیلف آئسولیٹ کرلیا، گھروں میں باہر آنے جانے پر پابندی لگادی گئی اور آپس میں 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنے کا خاص خیال رکھا۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس لاحق سے قبل کوئی خاص علامات واضح نہیں ہوئیں، ڈائریا ہوا جس کے بعد نزلہ ہوا جبکہ جسم کا درجہ حرارت 99 تھا اور میرے بیٹا جو انگلینڈ سے آیا تھا اس کا درجہ حرارت 100 سے زائد تھا، 15 دن کورنٹائن میں رہے۔

اس دوران طریقہ علاج بتاتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ دن میں دو مرتبہ پیناڈول اور ایک ریجکس گولی (ٹیبلیٹ) کا استعمال کیا اور مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے والی غذائیں کینو، لیموں سمیت کھجور کھائیں، چونکہ ڈی ہائیڈریشن زیادہ ہوتی ہے اس لیے او آر ایس کا استعمال بھی کیا، دن میں چار مرتبہ بھاپ لیتا رہا، 15 دن بعد تمام 11 متاثرہ افراد میں سے 6 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں جبکہ باقی 5 افراد کے ابھی ٹیسٹ باقی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وائرس سے ہر عمر کا فرد متاثر ہوسکتا ہے، ہمارے خاندان کی ڈیڑھ ماہ کی بچی بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئی تھی جو صحت یاب ہوگئی، سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا، جب جب 1166 پر فون کال کی حکومتی ٹیم فوری طور پر گھر کے معائنے کے لیے آتی رہی، سندھ حکومت کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے بہترین اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے سوشل میڈیا پر عوام میں خوف پھیلایا جارہا ہے جسے ختم کرنے کی ضرورت ہے، اس وباء کے خلاف جنگ ہمیں مل کر لڑنی ہوگی، کورونا وائرس جان لیوا نہیں قابل علاج ہے، عوام اگر صرف احتیاطی تدابیر پر عمل کرلیں تو وائرس سے محفوظ رہ سکیں گے، گھروں میں رہیں بلا ضرورت نہ نکلیں اور جو متاثرہ افراد ہیں وہ خود کو گھروں میں سیلف آئسولیٹ کرلیں تاکہ دوسرے افراد اس وائرس سے متاثر نہ ہوں۔

مقبول خبریں