KHANEWAL:
چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری 10 دسمبر کو قومی عدالتی پالیسی سازکمیٹی کی آخری مرتبہ صدارت کریں گے۔
10 دسمبر کو سپریم کورٹ اسلام آباد میں طلب کئے گئے اجلاس میں سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج اور آئندہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کے علاوہ پانچوں ہائی کورٹس اوروفاقی شریعت کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں زیر سماعت مقدمات کو جلد نمٹانے اور عدالتوں میں خالی اسامیوں پر فاضل جج صاحبان کی جلد تقرری کے لئے حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔
اجلاس میں زیر سماعت مقدمات کے چالان بروقت عدالتوں میں پیش کرنے کی رپورٹس کا جائزہ لینے کے علاوہ ناقص تفتیش کرنے والے افسروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 11 دسمبر کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری ریٹائر ہورہے ہیں جن کی جگہ جسٹس تصدق حسین جیلانی نئے چیف جسٹس آف پاکستان ہوں گے۔