ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ شائقین کو پھر انتظارکی سولی پر لٹکا دیا گیا

ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے کسی بھی فیصلے کو آئندہ ماہ تک کیلیے موخر کردیا


Sports Desk June 11, 2020
مختلف ہنگامی پلانز کے جائزے کا سلسلہ برقراررہے گا،فی الحال دونوں ٹورنامنٹس کی اپنے شیڈول پر ہی انعقاد کی پلاننگ جاری ہے،آئی سی سی ۔ فوٹو:فائل

آئی سی سی نے شائقین کو پھر انتظار کی سولی پر لٹکا دیا، ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے کسی بھی فیصلے کو آئندہ ماہ تک کیلیے موخر کردیا، نیوزی لینڈ میں شیڈول ویمنز ورلڈ کپ 2021 کے بارے میں بھی فیصلہ جولائی میں ہی کیا جائے گا۔

اس دوران مختلف ہنگامی پلانز کے جائزے کا سلسلہ برقرار رہے گا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے واضح کیاکہ فی الحال دونوں ٹورنامنٹس کی اپنے شیڈول پر ہی انعقاد کی پلاننگ ہو رہی ہے، چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے نے کہاکہ عالمی وبا کے حوالے سے صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، ہم کرکٹ کیلیے مناسب ترین فیصلے کی خاطر خود کو زیادہ سے زیادہ وقت دینا چاہتے ہیں، اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈر سے مشاورت ہوتی رہے گی۔

ادھر آئی سی سی نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کیلیے حکومت سے ٹیکس استثنیٰ حاصل کرنے کی خاطر بھارتی بورڈ کو دسمبر تک کا وقت دے دیا، اہم معاملات کے افشا پر جاری تحقیقات پر میٹنگ میں ممبران کو اپ ڈیٹ کیا گیا، اس حوالے سے سب گروپ میں احسان مانی بھی شامل ہیں، تمام بورڈ ممبرز اور آئی سی سی مینجمنٹ انکوائری میں فریق ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل بورڈ کی ٹیلی کانفرنس گذشتہ روز ہوئی جس میں رواں برس اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے مستقبل کے حوالے سے فیصلے کو آئندہ ماہ تک ملتوی کردیا گیا۔

آئی سی سی اعلامیے کے مطابق بورڈ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ مینز ٹی 20 ورلڈ کپ اور ویمنز ورلڈ کپ 2021 کے حوالے سے مختلف ہنگامی پلانز کا آئندہ ماہ تک جائزہ لیا جائے گا،اس دوران دونوں ایونٹس کے شیڈول پر انعقاد کیلیے تیاری کا سلسلہ بھی برقراررہے گا۔ بورڈ کورونا وائرس کے حوالے سے تبدیل ہوتی صورتحال کا بدستور جائزہ لینے کے ساتھ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل بھی جاری رکھے گا، ہنگامی پلاننگ میں صحت، کرکٹ پارٹنرز، میزبان سب کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیل، آئی سی سی ممبرز اور شائقین کے بہترین مفاد میں فیصلہ ہوگا۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے نے کہاکہ عالمی وبا کے حوالے سے صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے، ہم کھیل کے لیے مناسب ترین فیصلے کی خاطر خود کو موزوں وقت دینا چاہتے ہیں، ایونٹ میں شریک ہر کسی کی صحت ہمارے لیے اولین ترجیح اور اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فیصلے کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے اپنے ممبرز، براڈ کاسٹرز، پارٹنرز، حکومتوں اور پلیئرز سے مشاورت جاری رکھیں گے۔

ادھر آئی سی سی نے ورلڈ کپ2021 کیلیے حکومت سے ٹیکس استثنیٰ حاصل کرنے کی خاطر بھارتی کرکٹ بورڈ کو رواں برس دسمبر تک کا وقت دے دیا، بورڈ کو اہم معاملات کے افشا ہونے سے متعلق غیرجانبدار تحقیقات کیلیے اپ ڈیٹ دی گئی، یہ تحقیقات ایتھکس آفیسر کی جانب سے جاری ہیں،ان کی انتظامی معاونت کیلیے قائم سب گروپ میں غیرجانبدار ڈائریکٹر اندرا نوئی اور فنانس کمیٹی کے چیئرمین احسان مانی شامل ہیں۔ اس تحقیقاتی عمل میں تمام بورڈ ممبرز اور آئی سی سی مینجمنٹ فریق ہیں۔

مقبول خبریں