وزیر اعظم نے پیٹرول کی قلت اورذخیرہ اندوزی کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنادی

ویب ڈیسک  منگل 30 جون 2020
۔ کمیٹی بحران کے دوران اوگرا، وزارت پٹرولیم اور نجی تیل کمپنیوں کے کردار کی تحقیقات کرے گی. فوٹو، فائل

۔ کمیٹی بحران کے دوران اوگرا، وزارت پٹرولیم اور نجی تیل کمپنیوں کے کردار کی تحقیقات کرے گی. فوٹو، فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم نے پیٹرول کی قلت اور ذخیرہ اندوزی کی تحقیقات کے لیے معاون خصوصی برائے توانائی شہزاد سید قاسم کی سربراہی میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کمیٹی ملک میں تیل کی فراہمی میں بد انتظامی پر 10 جولائی تک تحقیقات مکمل کرے گی۔ کمیٹی بحران کے دوران اوگرا، وزارت پٹرولیم اور نجی تیل کمپنیوں کے کردار کی تحقیقات کرے گی اور اس بات کا تعین بھی کرے گی کہ بحران سے کس کس کو فائدہ پہنچا۔

کمیٹی آئل کمپنیوں اور پیٹرول پمپوں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی بھی تحقیقات کرے گی اور  پیٹرولیم شعبے میں مالکان کے گٹھ جوڑ کے امکانات کا بھی جائزہ لے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: پٹرول قیمتوں کا فارمولا تبدیل کرنا بادی النظر میں بدنیتی ہے، لاہور ہائیکورٹ

کمیٹی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیٹرول کے درآمد اور دستیابی پر پڑنے والے اثر کی بھی رپورٹ پیش کرے گی ۔گزشتہ سال کی نسبت رواں سال پیٹرول کی دستیابی کی تفصیلات بھی سامنے لائے گی۔ علاوہ ازیں یہ کمیٹی دوبارہ اس طرح کے بحران سے بچنے کے لیے لائحہ عمل بھی مرتب کرے گی۔

تحقیقاتی کمیٹی میں ڈی جی آئل، سابق جی ایم پی ایس او اور پیٹرولیم انسٹیٹوٹ آف پاکستان کے سربراہ بھی شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔