پاکستان کا کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5اگست کویوم استحصال منانے کااعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 31 جولائی 2020
ہم دنیا سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق عملی کام دیکھنا چاہتے ہیں باتیں نہیں،شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

ہم دنیا سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق عملی کام دیکھنا چاہتے ہیں باتیں نہیں،شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 اگست کو یوم استحصال منائیں گے۔

اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فراز اور وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی امور معید یوسف کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کے دن جموں و کشمیر کو 3 حصوں میں تقسیم کرنے کی سازش ہوئی، بھارت نے کشمیریوں کا جھنڈا چھینا، ان کا تشخص مٹانے کی کوشش کی، ہندو پنڈت ، لداخ کا بدھ مت یا وادی کا مسلمان کسی نے تقسیم کو قبول نہیں کیا، آج شائننگ انڈیا سلگ رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کا لہو شامل ہے، ہم اس جدو جہد میں کشمریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آخری فتح تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے، نہ کشمیری جھکیں گے اور نہ افواج پاکستان پیچھے ہٹے گی، خون بولتاہے اور وہ بولے گا، ایل او سی پر دکھا رہے ہیں کہ بھارت کیا حرکتیں کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، مقبوضہ کشمیر میں دکھاوے کا انٹرنیٹ کھولا گیا، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو ایک سال ہونے والا ہے، کورونا لاک ڈاؤن نے دنیا کو کشمیریوں کی بے بسی کا احساس دلایا۔ کورونا کے بعد دنیا کو معلوم ہوگیا ہے کہ لاک ڈاوَن کیاہے؟ ہم دنیا سے مقبوضہ کشمیر سے متعلق عملی کام دیکھنا چاہتے ہیں باتیں نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مسئلہ کشمیر دنیا کے سامنے اجاگر کیا، کل ہم ہوں نہ ہوں، پاکستان کے وزیر خارجہ کا موقف تاریخ کا حصہ بن رہا ہے، ایک سال میں مسئلہ کشمیر 3 بار سلامتی کونسل میں اٹھایا گیا، ہیومن رائٹس کونسل جینیوا میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے بھارت کی غاضبانہ پالیسی پر تنقید کی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لیے 5 اگست کویوم استحصال منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں 5 اگست 2020 کو مل کر کشمیریوں کو پیغام دینا ہے کہ سیاسی دھڑے بازی کے باوجود کشمیر کے معاملے پر ہم متحد ہیں، ہماری نظر سری نگرپر ہے، کشمیر ہائی وے کو 5 اگست سے سری نگر ہائی وے کا نام دیا جائے گا۔ سری نگر ہائی وے ہمیں کشمیرتک لے جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔