ایون فیلڈ ریفرنس؛ نوازشریف، مریم اور صفدر کی اپیلوں پر سماعت منگل کو ہوگی

ویب ڈیسک  اتوار 30 اگست 2020
(فوٹو : فائل)

(فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر سماعت یکم ستمبر کو ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف خصوصی اپیلوں پر 22 ماہ کے بعد سماعت یکم ستمبر منگل کو ہوگی۔ خصوصی اپیلوں کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ کرے گا، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی خصوصی بنچ کا حصہ ہوں گے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں اپیلوں پر آخری سماعت 19 ستمبر 2018ء کو ہوئی تھی، ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد سے سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر ضمانت پر ہیں۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی 2018ء کو ایون فیلڈ ریفرنس میں تینوں کو قید و جرمانے کی سزا سنائی تھی جس میں نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں 19 ستمبر 2018ء کو سزا معطل کردی تھی جب کہ سپریم کورٹ نے 13 جنوری 2019ء کو نیب اپیل خارج کرتے سزا معطلی برقرار رکھی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔