کیا بچوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہے؟

ویب ڈیسک  منگل 29 ستمبر 2020
یہ نتائج ایک ایسے وقت میں شائع ہوئے ہیں جبدنیا کے کئی ملکوں میں تعلیمی ادارے کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

یہ نتائج ایک ایسے وقت میں شائع ہوئے ہیں جبدنیا کے کئی ملکوں میں تعلیمی ادارے کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

لندن: تین لاکھ سے زیادہ افراد پر کی گئی ایک عالمی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ 20 سال سے کم عمر نوجوانوں اور بچوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ، بڑی عمر کے لوگوں سے 44 فیصد تک کم ہے۔

اس تحقیق میں دنیا بھر میں کورونا وائرس انفیکشن سے متعلق کیے گئے 32 مطالعات سے حاصل شدہ معلومات (ڈیٹا) کا تجزیہ کیا گیا جن میں 269,000 بالغ مردوں اور عورتوں کے علاوہ 20 سال سے کم عمر کے تقریباً 42,000 نوجوان اور بچے شامل تھے۔

ریسرچ جرنل ’’جاما پیڈیاٹرکس‘‘ کے تازہ ترین شمارے میں آن لائن شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق، یہ موازنہ یکساں حالات اور ماحول کا سامنا کرنے والے بچوں اور بڑوں پر کیا گیا جس سے پتا چلا کہ 20 سال سے کم عمر والے افراد میں ناول کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ، بڑی عمر والے افراد کے مقابلے میں واضح طور پر کم ہے۔

خاص بات یہ تھی کہ 10 سال سے کم عمر بچوں میں ناول کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ سب سے کم تھا۔

یہ بھی معلوم ہوا کہ گھروں میں رہنے والے بچے، جن کی عمریں 12 سے 14 سال کے درمیان تھیں، ان میں بالغ افراد کی نسبت کورونا وائرس متاثر ہونے کا امکان 59 فیصد کم تھا؛ چاہے گھر میں کوئی اور فرد کورونا وائرس سے متاثر ہی کیوں نہ ہوچکا ہو۔

البتہ اس تحقیق کے نگراں اور یونیورسٹی کالج لندن میں ’’انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ‘‘ کے ڈاکٹر رسل وائنر نے ان نتائج کو امید افزا قرار دیتے ہوئے محتاط رہنے کی درخواست کی ہے اور اس بارے میں مزید تحقیق پر زور دیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ نتائج ایک ایسے وقت میں شائع ہوئے ہیں جب پاکستان سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں کورونا وبا کی شدت کم ہوچکی ہے اور وہاں اسکول، کالج اور جامعات سمیت مختلف تعلیمی ادارے کھلنا شروع ہوگئے ہیں۔

ڈاکٹر رسل وائنر نے کہا کہ اگرچہ تعلیمی ادارے کھولنا یا نہ کھولنا ایک انتظامی فیصلہ ہے لیکن ’’اس کا انحصار سیاست پر نہیں بلکہ ٹھوس بنیادوں پر کی گئی سائنسی تحقیق پر ہونا چاہئے۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔