کترینہ کیف اور سیف کی فلم ’’فینٹم‘‘ کی ممبئی میں شوٹنگ شروع

کبیرخان کی ہدایات میں لبنان اور ترکی میں بھی فلم کی شوٹنگزکی گئیں،دونوں اداکار اپنے کردارمحنت سے اداکررہے ہیں،پروڈیوسر


Showbiz Desk December 19, 2013
امید ہے یہ فلم بھی میری تمام فلموں کی طرح سپرہٹ ہوگی، کترینہ۔ فوٹو: فائل

MUMBAI: بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف اور اداکار سیف علی خان کی فلم ''فینٹیم ''جسے ''دانیال خان'' کا نام بھی دیا ہے کی شوٹنگ بھارت کے فلمی شہر ممبئی میں شروع ہوگئی ہے۔

ممبئی میں 26نومبر 2008 کو ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات پر بنائی جانیوالی اس فلم میں کترینہ کیف اور سیف علی خان سیکرٹ ایجنٹس کا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ پہلی فلم ہے جس میں کترینہ کیف سیف علی خان کے ساتھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہورہی ہیں۔ ساجد ناڈیوالہ کی پروڈکشن میں بنائی جانیوالی فلم کی ہدایات کبیرخان دے رہے ہیں کی عکس بندی کا آغاز رواں سال اکتوبر میں لبنان کے شہر بیروت سے شروع کیا گیا۔اس موقع پر فلم کی کاسٹ اور عملہ کو ملک میں جاری سیاسی بدامنی کے باعث مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی ۔سیف علی خان جو فلم میں مرکزی کردار اداکررہے ہیں کرد زبان میں کچھ فقرے بولرتے نظر آئیں گے جو انھوں نے اپنا کردار اداکرنے کے لیے پہلے سے سیکھ رکھے تھے ۔ اطلاعات کے مطابق فلم کی عکس بندی کے دوران سیٹ پرہونیوالے ایک حادثہ جس میں لبنان کے دو اداکار کار کی ٹکر سے زخمی ہوگئے تھے کے بعد فلم کی عکس بندی ترکی میں کی گئی۔واضح رہے کہ اس فلم کا پہلا ٹریلرگزشتہ ماہ جاری کیا جاچکا ہے جس میں دونوں اداکاروں کے مٹی سے الودہ چہرے دکھائے گئے ہیں جب کہ سیف علی خان نے ہاتھ میں ایک رائفل بھی پکڑ رکھی ہے۔

پروڈیوسر ساجد ناڈیوالہ کا کہنا ہے کہ ممبئی میں فلم کی شوٹنگ کا شیڈول شروع ہوچکا ہے اور ہم واضح طور پر فلم میں ترقی دیکھ رہے ہیں کترینہ کیف اور سیف علی خان دونوں اداکار اپنے کردار بہت محنت سے ادا کررہے ہیں ان کا کہنا تھا کہ فینٹم ایک ایکشن اور تھرلر فلم ہے اور امید ہے کہ یہ شائقین کو اختتام تک فلم بینوں کو سیٹوں پر بیٹھنے پر مجبور کردے گی۔ دوسری طرف کترینہ کیف کی بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کے ساتھ ایکشن اور تھرلر فلم دھوم 3 بھی کل جمعہ کے روز سینما گھروں میں ریلیز ہونے جارہی ہے۔ادیتہ چوپڑا کی پروڈکشن اور وکی کرشنا اچاریہ کی ہدایات میں تیار کی جانیوالی اس فلم میں عامر خان منفی کردار میں اور کترینہ عالیہ کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے جب کہ ابھیشک بچن'' اے سی پی جے ڈکشٹ'' ،ادے چوپڑا ''علی اکبر''نے کے کرداروں میں پرپرفارم کیا ہے فلم کی دیگر کاسٹ میں جیکی شروف ، تاربیت بیتھل ، اینڈریو بیکنل، ڈیانا پینٹی اور ڈون کریس شامل ہیں ۔



فلم کا میوزک پریتم اور جولیس پاکیامی نے ترتیب دیا ہے جب کہ فلم میں شامل 8 گانوں پر سدھارتھ مادھوان ،شلپا رائو،سندھی چوہان ، موہت چوہان، ادیتی سنگھ شرما، شیوم مہادھوان ، آنش شرما ، پریتم ، جیولیس ، پاکیام اور نایا ن اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ اطلاعات کے مطابق کترینہ اور عامر کی اس فلم کی کئی سینما گھروں میں ایڈوانس بکنگ بھی ہوچکی ہے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم رواں سال کی سب سے زیادہ کامیاب اور بڑا بزنس کرنے والی فلم ثابت ہوگی ۔ عامر خان نے چنائی میں فلم کی تشہری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ''دھوم تھری'' میرے لیے اسی طرح اہمیت رکھتی ہے جس طرح میری دوسری فلمیں ۔ ان کا کہنا تھا میری ہر فلم اہم ہوتی ہے اور میں اپنی ہر فلم کو ایک سی توجہ دیتا اور اپنے کام سے پیار کرتا ہوں۔ جب میں کسی فلم میں کام کرتاہوں تو اس کے تمام پراسس کا حصہ بن جاتا ہوں کیونکہ یہ میرے لیے بہت ضروری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میرے نزدیک دیکھنے والوں کی تفریح بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے اور میں اسے ہر صورت میں برقرار رکھنے کی کوشش کرتا ہوں ۔

دوسری طرف کترینہ کیف کا کہنا ہے کہ میں نے بالی ووڈ میں اب تک جتنی بھی فلموں میں کام کیا ہے دھوم تھری ان سب سے مختلف اور دلچسپ فلم ہے ۔ یہ عامر خان کے ساتھ میری پہلی فلم تھی جس میں کام کرنے کا بہت مزا آیا۔ عامر بالی ووڈ کے بہت سینئر اداکار ہیں میں نے فلم کی شوٹنگز کے دوران ان سے بہت کچھ سیکھا ۔اور انھوں نے بھی ہر موقع پر میری رہنمائی کی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم میں مجھ پر عکس بند کیا جانے والے گانا '' کملی '' پرمیں نے اپنی بہترین پرفارمنس دکھائی ہے مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ میں نے صرف رقص پر ہی توجہ دی ہے بلکہ فلم میں اپنے کردار کو بہت محنت اور سینئرز کی رہنمائی سے ادا کیا ہے ۔ ابھیشک بچن کے متعلق ایک سوال کے جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ ابھیشک بچن جو ''دھوم '' اور ''دھوم ٹو'' میں پولیس افسر کا کردار ادا کرچکے ہیں اس فلم میں بھی اس کردار میں جلوہ گر ہورہے ہیں انھوںنے بھی میری بہت رہنمائی کی ہے ۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ فلم بھی میری تمام فلموں کی طرح سپر ہٹ ثابت ہوگی ۔

مقبول خبریں