گستاخانہ خاکے آزادی اظہار نہیں بلکہ مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کی کوشش ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  جمعـء 30 اکتوبر 2020
مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کے لیے کام کیا، کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصورسے مکمل رہنمائی حاصل کریں (فوٹو : فائل)

مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کے لیے کام کیا، کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصورسے مکمل رہنمائی حاصل کریں (فوٹو : فائل)

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ گستاخانہ خاکے آزادی اظہار نہیں بلکہ مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کی کوشش ہے۔

اسلام آباد میں قومی سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کو ہم تسلیم کرتے ہیں لیکن اس کی ایک حد ہوتی ہے، کسی کو تکلیف نہیں پہنچاسکتے، گستاخانہ خاکے اظہار رائے نہیں بلکہ جان بوجھ کر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف پہنچانا ہے، مغرب میں گستاخانہ خاکوں کو نہ روکنا مسلمانوں کی قیادت کی ناکامی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ‏پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا ہمارا مشن ہے، ‏جس مقصد کیلئے ملک بنا تھا ہم اس سے دور ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں، ‏‏یورپ میں چھوٹا سا طبقہ اسلام کے خلاف ہے، اہل مغرب مسلمانوں کی رسول کریم ﷺسے عقیدت کی نزاکت کو نہیں سمجھتے ‏جب تک اسلامو فوبیا کو ایڈریس نہیں کریں گے یہ بڑھے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے نبی ﷺجیسا عظیم انسان نہ آیا ہے نہ آسکتا ہے، ‏ہمیں اپنے عوام بالخصوص نوجوانوں کو سیرت النبی ﷺ کے بارے میں آگاہی دینی ہے۔

وزیراعظم نے گستاخانہ خاکوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ‏او آئی سی کانفرنس میں کہا تھاکہ مسلم ممالک کو اسلاموفوبیا کے مسئلے پر مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، یورپ میں چھوٹا سا طبقہ اسلام کے خلاف ہے، اہل مغرب مسلمانوں کی رسول کریم ﷺسے عقیدت کی نزاکت کو نہیں سمجھتے ‏جب تک اسلامو فوبیا کو ایڈریس نہیں کریں گے یہ بڑھے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا ‏موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں، ‏ماضی میں منصوبہ بندی کرتے وقت ان چیلنجز کو مدنظرنہیں رکھا گیا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنا ہماری حکومت کی اہم ترجیح ہے۔

اس سے قبل جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حضرت محمدؐ خاتم النبیین کے یوم ولادت پر قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، سرور کائناتﷺ کی حیثیت بےمثال آفتاب کی ہے، آپؐ کی بے مثل تعلیمات انسانوں کے لیے مشعل راہ ہیں، آپؐ کی حیات مبارکہ جہد مسلسل اور انسانیت کی رہنمائی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم نے فرانسیسی ادیب کا نبی آخرزماں ﷺ سے متعلق قول پسندیدہ ترین قراردے دیا 

وزیراعظم نے کہا کہ آپؐ کی حیات فلاح پر مشتمل ایک عظیم نظام کے قیام سے عبارت ہے، آپؐ نے بے مثال فلاحی ریاست قائم کرکے دکھائی، آج فلاح عامہ کی بنیاد پر تشکیل معاشرے کے ان ہی اصولوں پر قائم ہیں، عدل وانصاف، مذہبی وسماجی آزادی کا عملی نمونہ ریاست مدینہ تھی، مغرب نے ریاست مدینہ سے رہنمائی لے کر انسانی فلاح کے لیے کام کیا، کوشش ہے کہ ریاست مدینہ کے تصورسے مکمل رہنمائی حاصل کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وطن عزیز کو فلاحی ریاست کے سانچے میں ڈھالیں گے، ہم نے اس سفر کا آغاز کردیا ہے، اب منزل زیادہ دور نہیں،  کورونا کو پہلے مرحلے میں اللہ کی مدد سے زیادہ پھیلاؤ سے روکا، کچھ عرصہ سے کورونا کی دوسری لہر سر اٹھا رہی ہے، ہمیں چاہیے کہ مسلسل احتیاطی تدابیر پرعمل  پیرا رہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔