ہر گھنٹے میں 7 شہری لٹنے لگے، نومبر میں لوٹ مار کی 5375 وارداتیں

اسٹاف رپورٹر  بدھ 9 دسمبر 2020
نومبرمیں بھتہ خوری کی3اورقتل کے31واقعات رپورٹ ہوئے، سی پی ایل سی۔ فوٹو: فائل

نومبرمیں بھتہ خوری کی3اورقتل کے31واقعات رپورٹ ہوئے، سی پی ایل سی۔ فوٹو: فائل

 کراچی: شہر میں ہرگھنٹے کے دوران7 شہری ڈاکوؤں اور اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھوں لٹنے لگے۔

سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی نے ماہ نومبر میں ہونے والے جرائم کے اعداد و شمارجاری کردیے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نومبرکے مہینے میں شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم کی مجموعی طور پر 5375 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شہر میں یومیہ کم و بیش179 اور ہرگھنٹے کے دوران 7 اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سب سے زیادہ موٹرسائیکل چوری اور چھینی جانے کی 3172 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ دوسرے نمبر پر شہریوں کے ہاتھوں سے ان کے 1843 قیمتی موبائل فون چھین لیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق نومبر میں شہر کے مختلف علاقوں سے 14 گاڑیاں اسلحہ کے زور پر چھینی اور 141 گاڑیاں چوری کرلی گئیں جبکہ پولیس ان میں سے صرف 33 گاڑیاں ہی برآمد کرسکی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ  نومبر میں شہر کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے205 موٹرسائیکلیں چھین لی گئیں اور3 ہزار172 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں اور پولیس صرف 193 موٹر سائیکلیں ہی برآمد کرسکی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ نومبر میں ایک ہزار 843 موبائل فونز شہریوں سے چھینے گئے جن میں صرف221 موبائل فونز برآمد کیے جاسکے، ماہ نومبر میں شہر کے مختلف علاقوں میں بھتہ خوری کی3 اور قتل کے 31 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔