دیس بدیس کے کھانے

شمائلہ شفیع  منگل 15 دسمبر 2020
دیس بدیس کے کھانے

دیس بدیس کے کھانے

ہرے مسالے کے چاول
اجزا:
چاول (دو پیالی)،
لیموں کا رس (دو کھانے کے چمچے)،
لہسن کے جوے، بغیر چھلے ہوئے، (چھے عدد)،
ہری مرچ (دس عدد)،
ہرا دھنیا (ایک بڑی گٹھی)،
کالی مرچ، کُٹی ہوئی، (ایک چائے کا چمچا)،
مکھن (دو کھانے کے چمچے)،
تیل (دو کھانے کے چمچے)،
نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:
چاول اْبال لیں اور پانی نتھار کر دَم پر رکھ دیں۔ اب ہرا دھنیا، ہری مرچ اور بغیر چھلے لہسن کو ملا کر اچھی طرح پیس لیں اور نکال کر نمک ملا لیں، پھر ایک کڑاہی میں تیل اور مکھن ڈال کر گرم کریں اور اس میں یہ تیار ہونے والی ہری چٹنی ڈال کر ہلکا سا تل لیں۔ اس کے بعد چاول شامل کر کے جلدی جلدی فرائی کریں اور دَم پر کُٹی ہوئی کالی مرچ ڈال دیں۔ آخر میں لیموں کا رس ڈال کر گرم گرم نوش کریں۔

دہی کھیرا اور پودینے کا سوپ
اجزا:
دہی (ایک پیالی)،
سبزیوں کی یخنی (دو پیالی)،
ادرک، کدو کش کیا ہوا (آدھا چائے کا چمچا)،
کھیرا، کدو کش کیا ہوا (ایک عدد)،
بڑا ٹماٹر، باریک کٹا ہوا (ایک عدد)،
زیرہ (ایک چائے کا چمچا)،
مرچ کا سفوف (آدھا چائے کا چمچا)،
پودینے کی پتیاں (ایک چوتھائی پیالی)،
نمک (حسب ذائقہ)،
کالی مرچ (حسب ضرورت)

ترکیب:
دہی، یخنی، مسالے اور ادرک کو بلینڈر میں ڈال کر پیس لیں۔ اس کے بعد دوسرے اجزا بھی شامل کر لیں۔ زیرے کو تل کر سوپ پر چھڑک دیں اور مزے دار دہی، کھیرے کا سوپ نوش کیجیے۔

چکن کریم سوپ
اجزا:
مکھن (چار اونس)،
چھوٹی پیاز (ایک عدد)،
مرغی(ڈیڑھ پائو)،
مرغی کی یخنی(چھے پیالی)،
دودھ یا کریم (ایک پیالی)،
کورن فلور (آدھی پیالی)،
نمک (آدھا چائے کا چمچا)،
رائی (آدھا چائے کا چمچا)

ترکیب:
مرغی کے گوشت کے چھوٹے ٹکڑے کر کے ابال لیں، مگر خیال رہے کہ یہ ذرا سخت رہیں۔ مکھن گرم کر کے اس میں پیاز تل کر سرخ کر کے نکال لیں، پھر اسی برتن میں کارن فلور ڈالیں۔ اس میں نمک اور رائی ملا کر دھیمی آنچ پر بھونیں اور مرغی کا گوشت ڈال دیں۔ اب مرغی کی یخنی آہستہ آہستہ ڈالیں، تاکہ گٹھلی نہ بنے۔ اس دوران چمچا چلاتی رہیں اور خوب پکائیں۔ گاڑھا ہوجائے تو ایک پیالی دودھ یا کریم ملا کر پکنے دیں۔ چولہے سے اتار کر تلی ہوئی پیاز ڈال کر پیش کریں۔ اس کے ساتھ سرخ مرچ، سفید زیرے اور سرکے کی چٹنی مزہ دیتی ہے۔

نلی نہاری
اجزا:
بکرے کے پائے (آدھا کلو)،
ادلے (عضلے)کا گوشت (آدھا کلو)،
پسا ہوا گرم مسالا( ایک کھانے کا چمچا)،
پسی ہوئی سونف (دو کھانے کے چمچا)،
سونٹھ (ایک چائے کا چمچا)،
کالا نمک (حسب ضرورت)،
آٹا (تین سے چار کھانے کے چمچا)،
ہری مرچ،ہرا دھنیا، اور ادرک (حسب منشا) سجاوٹ کے لیے

ترکیب:
پائے میں لہسن ادرک کا آمیزہ ملائیں۔ گرم تیل میں پیاز لال کر کے الگ سے لہسن ادرک کا آمیزہ شامل کر لیں۔ اب اس میں پائے بھی ڈال دیں۔ ساتھ ہی ادلے (عضلے) کا گوشت اور نلیاں شامل کر کے بھون لیں، پھر اس میں نمک، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا گرم مسالا، سونف، سونٹھ اور کالا نمک ڈال کر گوشت کو گلا لیں۔ گوشت گلنے کے بعد اس میں آٹا گھول کر ڈالیں۔ ہری مرچ، ہرا دھنیا اور لیموں سے سجا کر پیش کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔