سعودی عرب اور بحرین میں بھی کورونا ویکسینیشن کا آغاز

ویب ڈیسک  جمعـء 18 دسمبر 2020
پہلے مرحلے میں فوجیوں، طبی عملے اور معمر شہریوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، فوٹو : رائٹرز

پہلے مرحلے میں فوجیوں، طبی عملے اور معمر شہریوں کو ویکسین لگائی جارہی ہے، فوٹو : رائٹرز

ریاض / منامہ: متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب اور بحرین نے بھی کورونا ویکسینیشن کا آغاز کردیا ہے اور تینوں عرب ممالک میں ویکسین لگانے کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز گزشتہ روز سے ہوگیا ہے اور پہلا ٹیکہ وزیر صحت نے خود لگوایا جس کے بعد طبی عملے اور فوجیوں کو ٹیکے لگائے گئے۔

یہ خبر پڑھیں : دنیا کی پہلی کورونا ویکسین برطانیہ کی 90 سالہ خاتون کو لگا دی گئی 

سعودی عرب کو 16 دسمبر کو ہی امریکی کمپنی فائزر کی کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ موصول ہوئی تھی۔ ویکسینیشن کے لیے ملک بھر میں خصوصی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : بحرین کورونا ویکسین کی منظوری دینے والا پہلا اسلامی ملک بن گیا 

قبل ازیں بحرین میں بھی کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوگیا تھا اور سب سے پہلی ویکسین بحرین کے فرمانروا شاہ حماد کو لگائی گئی تھی جب کہ متحدہ عرب امارات میں 12 دسمبر کو ہی چین کی ویکسین لگانے کا آغاز کردیا گیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکا میں ایف ڈی اے نے ایک اور کورونا ویکسین کی منظوری دیدی 

دریں اثنا کویت اور اردن نے بھی امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیوٹیک کی مشترکہ ویکسین کے استعمال کی منظوری دے چکے ہیں اور جلد ان ممالک میں بھی ویکسینیشن کا آغاز ہوجائے گا۔

دوسری جانب امریکی ادارے ایف ڈی اے نے فائزر کی کورونا ویکسین کے بعد ایک اور کمپنی میڈورنا کی ویکسین کی بھی منظوری دیدی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔