صدر ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس پر بھی پابندی

ویب ڈیسک  جمعرات 7 جنوری 2021
مظاہرین کو تشدد پر اکسانے کی بنا پر صدر کے اکاؤنٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیے گئے (فوٹو، فائل)

مظاہرین کو تشدد پر اکسانے کی بنا پر صدر کے اکاؤنٹ غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیے گئے (فوٹو، فائل)

 واشنگٹن: فیس بک اور انسٹاگرام نے صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹس غیر معینہ طور پر بند کردیے ہیں۔

جمعرات کو فیس بک کے چیف ایگزیکٹیو مارک زکر برگ نے کہا ہے کہ امریکی دارالحکومت میں تشدد پر اکسانے اور اشتعال انگیزی کے باعث صدر ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹا گرام کے اکاؤنٹس معطل کردیے گئے ہیں۔

اپنے فیس بک پیج پر مارک زکر برگ نے کہا کہ ایک منتخب جمہوری حکومت کے خلاف بغاوت اور تشدد پر اکسانے کی بنا پر پہلے یہ اکاؤنٹ صرف 24 گھنٹے کے لیے بند کیے گئے تھے۔ تاہم اگر صدر کو ہماری خدمات استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تو یہ بہت بڑا خطرہ ہوگا۔

یہ خبر بھی پڑھیے:ٹرمپ کے حامیوں کا کانگریس کی عمارت پر دھاوا، 4 افراد ہلاک

انہوں نے کہا کہ اس خطرے کے پیش نظر صدر ٹرمپ کے فیس بک اور انسٹا گرام اکاؤنٹس پر غیر معینہ مدت تک پابندی عائد کی جارہی ہے اور کم از کم یہ پابندی اقتدار کی منتقلی مکمل ہونے کے آئندہ دو ہفتوں تک برقرار رہے گی۔

اس سے قبل مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھی صدر ٹرمپ کا اکاؤنٹ لاک کردیا ہے جب کہ گذشتہ شب مظاہرین سے متعلق ان کا ویڈیو بیان اور ٹوئٹ بھی حذف کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔