دپیکا پڈوکون ہدایتکار آشوتوش گواریکر کی فلم میں رام چرن تیجا کی ہیروئن بنیں گی

شوٹنگزآنیوالے سال کے آخرمیں شروع ہوں گی اور فلم کو 2015ء میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا


Showbiz Desk December 31, 2013
رنبیر اور رنویر کے ساتھ میری کیمسٹری پسند کی گئی،شاہ رخ خان کے ساتھ ہیپی نیوایئر میں جلوہ گر ہورہی ہوں، دپیکا پڈکون۔ فوٹو: فائل

رواں سال کے دوران اوپر تلے چار سپر ہٹ فلمیں دینے والی بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈکون ہدایتکار و فلمسازاور رائٹر آشوتوش گواریکر کی فلم میں تامل اداکار رام چرن تیجا کی ہیروئن بنیں گی ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق آشوتوش گواریکر نے فلم میں مرکزی کردار کے لیے کئی بار اداکارہ سے رابطہ کیا اور متعدد ملاقاتوں کے بعد انھیں فلم میں مرکزی کردار کے لیے راضی کرلیا ہے تاہم باضابطہ طور پر دپیکا کے فلم میں کام کرنے کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ایک بھارتی اخبار کے مطابق فلم کی شوٹنگز آنیوالے سال کے آخری مہینوں میں شروع ہوں گی جب کہ اسے 2015میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا ۔اطلاعات کے مطابق اداکار رام چرن تیجا کی ایک تامل فلم 12جنوری کو ریلیز ہورہی ہے جب کہ وہ خود ان دنوں ہدایتکار کرشنا وامسی کی فلم کے سلسلہ میں مصروف ہیں ۔ہدایتکار آشوتوش گواریکر کا کہنا ہے کہ رام چرن تیجا کی بالی ووڈ میں2013 کی کامیاب اداکارہ دپیکا پڈکون کے ساتھ جوڑی سینما اسکرین پر بہت غضب ڈھائے گی۔ ادھر اطلاعات کے مطابق یہ جوانی ہے دیوانی ،چنائی ایکسپریس اور رام لیلاسے 500کروڑ کے کلب میں داخل ہونے والی اداکارہ دپیکا پڈوکون دھوم سیرز کی فلم ''دھوم 4'' کے لیے کامیاب امیدوار بن گئی ہے اور امکان ہے کہ اسے آنیوالی فلم دھوم فور میں مرکزی کردارکے لیے منتخب کرلیا جائے ۔

ادھر اطلاعات کے مطابق دپیکا پڈکوون کی سپر اسٹار رجنی کانت کے ساتھ تامل فلم ''کوچھڈیاں'' 10اپریل 2014 کو سینما گھروں کی زینت بنائی جا رہی ہے۔کے ایس روی کمار کے تحریرکردہ اسکرپٹ پربنائی جانیوالی فلم کی ہدایات سوندریاآر اشون نے دی ہیں جب کہ سنیل لیولا فلم کے پروڈیوسر ہیں ''کوچھڈیاں'' میں رجنی کانت اور دپیکا پڈوکون کے ساتھ ساتھ آرسرتھکمار ، آدی، شوبانہ ، رکمنی وجے کمار،جیکی شروف اور نصیر نے اہم کردار ادا کیے ہیں ۔ تھری ڈی اور انیمیٹڈ ٹیکنیک سے بنائی جانیوالی فلم کا میوزک اے آر رحمان نے ترتیب دیا ہے ۔



اطلاعات کے مطابق فلم کی شوٹنگ 2013 کے آغاز میں ہی ختم ہوگئیں تھی اور ان دنوں اس کی پوسٹ پروڈکشن کا کام چائنہ ، لندن ، ہانگ کانگ ، اور لاس اینجلس میں کیاجارہا ہے کوچھڈیاں کو تامل زبان کے ساتھ ساتھ ملیالم ، انگلش ہندی اور جاپانی ،اطالوی اور ہسپانوی زبان میں بھی ڈب کرکے ریلیز کیا جائے گا۔دریں اثنا دپیکا پڈوکون ہدایتکارہ فرح خان کی فلم ''ہیپی نیوائیر'' میں بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کے ساتھ بھی جلوہ گر ہورہی ہیں ، فلم ساز گوری خان کی پروڈکشن میں تیار ہونے والی اس فلم میں ابھیشک بچن، بومن ایرانی ،ویوان شاہ ،سونوسود اور جیکی شروف بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

وشال شیکھر کے میوزک سے سجی اس فلم کو اکتوبر 2014میں سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ادھربھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون کو ہدایتکار امتیاز علی نے اپنی نئی فلم میں رنبیر کپور کے مقابل مرکزی کردار کے لیے کاسٹ کرلیا ہے جب کہ فلم کا نام نہیں رکھا گا ہے ۔اس سلسلہ میں دپیکا پڈکون کاکہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی امیتازعلی کی فلم ''لو آج کل'' اور ''کاک ٹیل'' میں کام کرچکی ہوں ۔ ان کی نئی فلم کا نام ابھی فائنل نہیں کیا گیا تاہم یہ طے ہے کہ میں اور رنبیرکپور کے ساتھ مئی یا جون میں امیتاز علی کی فلم کی شوٹنگز شروع کردیں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں 27سالہ اداکارہ کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان کے ساتھ میں نے اپنی پہلی فلم ''اوم شانتی اوم'' میں کام کیاتھا وہ ایک اچھے اداکار ہیں انھوں نے ہر موقع پر میری رہنمائی کی ان کے ساتھ میری فلم ''ہیپی نیو ائیر'' بھی تکیمل کے مراحل ہے اور اسے بھی 2014میں ہی سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ ادکارہ کاکہنا تھا کہ رنویر سنگھ اور رنبیر سنگھ کے ساتھ فلموں میں میری جوڑی کو بہت پسند کیا گیا اور تمام فلمیں ہٹ ہوئیں امید ہے کہ میری آنیوالے سال کے دوران بھی سینما گھروں کی زینت بنائی جانیوالی فلمیں 2013کی طرح صرف سپر ہٹ ہی ثابت نہیں ہوں گی بلکہ کروڑوں کا بزنس بھی کریں گی۔

مقبول خبریں