فرنچائزز کو فیس کی ادائیگی کیلیے نئی یاد دہانی

سلیم خالق  جمعرات 14 جنوری 2021
مالکاننئے فنانشل ماڈل پر اتفاق کے منتظر، رواں ہفتے پیش رفت کاامکان۔ فوٹو: فائل

مالکاننئے فنانشل ماڈل پر اتفاق کے منتظر، رواں ہفتے پیش رفت کاامکان۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی سی بی نے پی ایس ایل فرنچائزز کو فیس کی ادائیگی کیلیے یاددہانی کرا دی،نوٹس کے تحت ڈیڈ لائن ختم ہونے میں ابھی ایک ہفتہ باقی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کی فرنچائززاور کرکٹ بورڈ میں تعلقات کافی عرصے سے مثالی نہیں رہے ہیں، ٹیم اونرز مسلسل مالی نقصان کا رونا روتے ہیں بورڈ انھیں تسلیاں دے کر چپ کرا لیتا تھا، البتہ گذشتہ برس معاملہ عدالت جانے کے بعد پی سی بی بھی حل کی تلاش میں سنجیدہ ہو گیا ہے۔

حتمی نئے فنانشل ماڈل پر بات چیت جاری مگر ساتھ ہی بورڈ نے فرنچائزز سے فیس کا تقاضہ بھی کردیا تھا، بار بار کی یاد دہانیوں پر کوئی کارروائی نہ ہونے پر حکام نے تنگ آ کر گذشتہ دنوں  تمام ٹیموں کو نوٹس بھیج دیا تھا، اس میں 21 دن میں فیس کی عدم ادائیگی پر سخت کارروائی کی دھمکی دی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز ایک بار پھر تمام فرنچائززکو جلد از جلد فیس جمع کرانے کی یاددہانی کرائی گئی ہے، ڈیڈ لائن 21 جنوری کو ختم ہو جائے گی، اس کے بعد بورڈ معاہدے منسوخ بھی کر سکے گا،البتہ ذرائع کے مطابق معاملہ اس نہج تک پہنچنے کا امکان نہیں اور بیشتر ٹیمیں پہلے ہی واجبات ادا کر دیں گی، انھیں نئے فنانشل ماڈل کا انتظار ہے جس سے وہ اپنی مالی مشکلات کم ہونے کی آس لگائے بیٹھی ہیں۔

بورڈ نے آخری ڈرافٹ کو حتمی قرار دیتے ہوئے ’’قبول یا مسترد‘‘ کرو کا آپشن دیا تھا، مگر فرنچائزز نے اس میں بعض اعتراضات اٹھاتے ہوئے دوبارہ حکام سے رجوع کرلیا، توقع ہے کہ رواں ہفتے ہی معاملہ طے ہو جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔