متحدہ عرب امارات کا اسرائیل میں سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  اتوار 24 جنوری 2021
دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برس ہی تجارتی و فضائی تعلقات بحال ہوگئے تھے، فوٹو : فائل

دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ برس ہی تجارتی و فضائی تعلقات بحال ہوگئے تھے، فوٹو : فائل

ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کی کابینہ نے متفقہ طور پر اسرائیل کے شہر تل ابیب میں سفارتخانہ کھولنے کی منظوری دے دی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کابینہ سے منظوری حاصل ہوگئی اور اب تل ابیب میں جلد سفارتخانہ کھولیں گے۔ تاہم بیان میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔

ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیر اقتصادیات عبداللہ بن توق المری کی سربراہی میں وزرا کی کونسل نے سیکیورٹیز اینڈ کموڈٹیز اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تنظیم نو اور اسرائیل کے شہر تل ابیب سفارتخانے کے قیام کی منظوری دی ہے۔

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ برس اگست میں تاریخی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات استوار ہونے تھے تاہم دونوں ممالک کے درمیان فضائی تعلقات فوری طور پربحال ہوگئے تھے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : یو اے ای اور بحرین کا اسرائیل سے سفارتی تعلقات کا معاہدہ طے پاگیا 

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات، بحرین، سوڈان اورمراکش نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کے معاہدے پر دستخط کرچکے ہیں اور اس میں کلیدی کردار امریکا نے ادا کیا ہے جس میں صدر ٹرمپ اور ان کے داماد جیرڈ کشنر نے ذاتی دلچسپی لی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔