پاکستان میں تکنیکی تربیت اور تعلیم کے منصوبوں کو وسعت دیں گے ترکی

ترکی ٹیکنالوجی اور عملی تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے، ترک قونصل جنرل کا صنعتکاروں سے خطاب


Staff Reporter March 10, 2021
ترک قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ یکنالوجی اور عملی تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے(فوٹو، فائل)

ترکی کے قونصل جنرل تلگا اچک نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان کے ساتھ ٹیکنالوجی اور عملی تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترکی پاکستانی صنعتوں کو مشینری کی فراہمی میں اضافے کے ساتھ پاکستان میں تیکنیکی تربیت اور تعلیمی منصوبوں کو بھی وسعت دینے پر کام کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ باہمی تجارت کے فروغ کے لیے پاکستان میں ترک بینکوں اور دونوں ممالک کے مابین بہتر بینکنگ چینلز کا قیام بھی ضروری ہے۔

اس موقعے پر کاٹی کے صدر سلیم الزماں نے کورنگی صنعتی علاقے کی اقتصادی اہمیت اور پیدواری صلاحیت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں متعدد ترک کمپنیاں کامیابی سے کام کررہی ہیں تاہم مشترکہ سرمایہ کاری اور تجارتی حجم میں اضافے کی بہت گنجائش ہے۔ پاکستان اور ترکی کے مابین پُرخلوص بردارنہ تعلقات پائے جاتے ہیں اور دونوں ملک کے معاشی میدان میں کئی سنگ میل طے کرسکتے ہیں۔

کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے سفارتی امور کے سربراہ راشد صدیقی نے کہا کہ ترکی نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بے پناہ ترقی کی ہے اور اس شعبے میں پاکستان کےساتھ تعاون بڑھانے کے کئی امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ترکی کے کمرشل قونصلیٹ کے قیام سے تجارتی تعلقات میں تیزی سے بہتری آسکتی ہے۔ مسعود نقی کا کہنا تھا کہ تکنیکی شعبے میں ترکی کے تربیتی منصوبوں کو خوش آئند سمجھتے ہیں اور اس میں تعاون کے لیے تیار ہیں۔

مقبول خبریں