ایلی ایورم فلم ’’او تیری‘‘ میں خصوصی گانے پر پرفارم کریں گی

خود پرآئٹم گرل کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتی، سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام کی خواہش جلد پوری ہوگی،ایلی


Showbiz Desk January 16, 2014
اتل اگنی ہوتری کی پروڈکشن اور اومیش بھٹ کی ہدایتکاری میں بنائی جانیوالی فلم میں سلمان خان بھی ایک گانے پر پرفارم کریں گے۔ فوٹو: فائل

رائیلٹی شو ''بگ باس7'' سے شہرت حاصل کرنے اور فلم ''مکی وائرس'' سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ ایلی ایورم فلمساز اتل اگنی ہوتری کی فلم ''او تیری'' میں خصوصی گانے پر پرفارم کریں گی۔

سلمان خان جو رائیلٹی شو ''بگ باس'' کے میزبان رہے ہیں، کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی فلم میں ایلی ایورم کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور اداکارہ بھی اس سلسلہ میں اپنی پسندیدگی کا اظہار کرچکی ہیں۔ کچھ دن قبل یہ اطلاعات تھی کہ وہ فلم ''جے ہو'' میں کیمو اپیرنس دے رہی ہیں مگر ہدایتکار سہیل خان نے ان افواہوں کو رد کرتے ہوئے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ ان کی فلم مکمل ہوچکی ہے اور اس میں کسی اور کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے چاہے وہ ایک سین کے لیے ہی کیوں نہ ہوں۔ تاہم اب اطلاعات ہیں کہ سلمان خان کے بہنوئی اتل اگنی ہوتری نے انھیں اپنی فلم ''اوہ تیری'' میں ایک خصوصی گانے پر پرفارم کرنے کے لیے سائن کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اتل اگنی ہوتری اپنی اس فلم کی شوٹنگز مکمل طور پر ختم کر چکے ہیں اور ان دنوں پوسٹ پروڈکشن پر کام جاری ہے تاہم فلم کے 2 گانوں کی عکسبندی ابھی ہونا باقی ہے جن میں سے ایک گانا سلمان خان اور دوسرا ایلی ایورم پر شوٹ کیا جائے گا۔

سلمان پر خصوصی گانا اگلے ماہ کے آغاز میں جب کہ ایلی پر اس گانے کے بعد خصوصی سانگ پیکچرائز کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میںرابطہ کرنے پر فلمساز اتل اگنی ہوتری نے فلم کے لیے نئے گانے ریکارڈ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم میں خصوصی گانا ضرور شامل کیا جارہا ہے مگر ابھی یہ نہیں بتایا جاسکتا کہ اسے کس اداکارہ پر عکسبند کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اتل اگنی ہوتری کی پروڈکشن میں بنائی جانے والی فلم کی ہدایات اومیش بھشٹ (Umesh Bhisht) نے دی ہیں جب کہ اس میں پلکت سمراٹ، سارا جان ڈیاس، پاکستانی اداکارہ و ماڈل سارا لورین (مونالیزا) اور ماندیرا بیدی مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جب کہ سلمان خان اور ایلی ایورم دو خصوصی گانوں پر پرفارم کر رہے ہیں۔ ہمیش ریشمیہ کے میوزک سے سجی اس فلم کو پہلے گزشتہ برس ریلیز کرنے کا پروگرام دیا گیا تھا مگر اب اسے رواں برس کے دوران مارچ میں سینما گھروں کی زینت بنایا جا رہا ہے۔ ایلی اورام کا کہنا ہے کہ ابھی بالی ووڈ میں نئی ہوں اور بھارتی فلم انڈسٹری میں جگہ بنانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ ہندی زبان پر کافی حد تک عبور حاصل کر لیا ہے۔

 photo 2_zpsc5a43519.jpg

فلم میں خصوصی گانے یا آئٹم سانگ پر پرفارم کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں رقص ایک لازمی جزو ہے۔ میں نے بھارتی رقص پر بھی خاص توجہ دیتے ہوئے بہترین کوریوگرافرز سے اس کی تریبیت لی ہے اور کافی حد تک اسے سیکھ چکی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں خود پر ایک آئٹم گرل کی چھاپ نہیں لگوانا چاہتی، اس کے باوجود مجھے کسی فلم میں آئٹم سانگ پر پرفارم کرنے کا موقع ملا تو انکار نہیں کروں گی۔ سلمان خان کے ساتھ کسی فلم میں کام کرنے کے سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک بڑے اداکار ہیں۔ انھوں نے بگ باس شو کے دوران میری بہت تعریفیں کیں جن پر میں ان کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ ان کے ساتھ کسی فلم میں کام کی بہت خواہش ہے جو جلد ہی پوری ہوجائے گی مگر فی الحال کسی فلم میں ان کے ساتھ کام نہیں کر رہی ہوں۔ واضح رہے کہ ایلی اورام جس کا مکمل نام الزبتھ اوورامیڈو گرانلونڈ ایلزبتھ اورامیڈو گرین لیون ہے، 29 جولائی 1990ء کو سویڈن میں پیدا ہوئی اور اسٹاک ہوم میں پرورش پائی۔ اس کے والد جانیس اوورمیڈیاس کا تعلق یونان سے ہے۔ وہ بنیادی طور پر ایک موسیقارہیں اور ان دنوں سویڈن میں ہی مقیم ہیں جب کہ اس کی والدہ ماریا گرانڈلونڈ ایک اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ فلم فینی انڈ الیگزینڈر میں پرفارم کر چکی ہیں۔

ایلی نے ابتدائی تعلیم اسٹاک ہوم کے ایک اسکول سے حاصل کی اور وہیں سے سوسائٹی اکنامکس میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ ایلی کو ابتدا ہی سے فگر سکیٹنگ، گلوکاری اور ڈانس کا شوق تھا اسی وجہ سے اس نے اداکاری کی ابتدائی تعلیم اپنی والدہ اور آنٹی جو سکان کائونٹی میں تھیٹر چلاتی ہیں، سے حاصل کی۔ بعد ازاں اسٹاک ہوم میں متعدد مواقعوں پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ ایلی ایورم کو دسمبر 2008ء میں جرائم اور رومانس پر مبنی ڈرامہ فلم ''Förbjuden Frukt'' (حرام پھل) جس میں اس کا کردار سیلین نامی لڑکی کا تھا، سے شہرت حاصل ہوئی۔ 2010ء میں ایلی نے مس یونان کے مقابلہ حسن میں حصہ لیا اور اسی برس سویڈن ٹی وی کی سیریل ''گومرون سوریراج'' میں بھی کام کیا۔ اداکارہ ستمبر ء2012 میں بالی ووڈ میں اپنا کیریئر شروع کرنے کے لیے ممبئی منتقل ہوگئی اور 2013ء میں بھارتی نجی چینل کے ایک رائلٹی شو بگ باس 7میں حصہ لیا جس سے اسے کافی شہرت حاصل ہوئی۔ اسی برس کے دوران ایلی کی پہلی بالی ووڈ فلم ''مکی وائرس'' سینما گھروں کی زینت بنائی گئی۔ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ بڑی کامیابی تو نہ حاصل نہ کر سکی مگر اس میں ایلی کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔

مقبول خبریں