صحافیوں کی سیکیورٹی کے موثر اقدامات کیے جائیںآئی جی سندھ

تمام شہداکے قاتلوں کو جلدسے جلدگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے


Staff Reporter January 19, 2014
تمام شہداکے قاتلوں کو جلدسے جلدگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ فوٹو: فائل

ایکسپریس گروپ کی نیوزٹیم پرفائرنگ کے بعدآئی جی سندھ نے پولیس کواہم ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ کراچی پولیس کے سربراہ نے کہاہے کہ کراچی مشکل ترین دورسے گزررہا ہے۔

مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ شاہدندیم بلوچ نے ایکسپریس گروپ کی نیوزٹیم پرفائرنگ کے واقعے کے بعدپولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ الیکٹرونک وپرنٹ میڈیاکے مرکزی وذیلی دفاتراور فیلڈمیں کام کرنے والے نمائندوں، رپوٹرزاور کیمرا مین حضرات کی سیکیورٹی کے لیے موثراقدام کیے جائیں اور اس ضمن میںمیڈیا انتظامیہ سے باہم مشاورت اوران کی جانب سے نشاندہی کیے جانے والے معاملات کوخاص اہمیت دیتے ہوئے تھانہ جات کی سطح پرمربوط انتظامات کویقینی بنایاجائے۔ انھوں نے ہدایات جاری کیں کہ دہشت گردوں، سماج دشمن اوردیگر سنگین جرائم میںملوث عناصرکی یقینی گرفتاریوں کے لیے ٹارگٹڈ ایکشن کے تحت رینڈم، اسنیپ چیکنگ کے دائرے کووسعت دیتے ہوئے مزیدموثر بنایاجائے۔

انھوں نے مزیدہدایات دیں کہ اسنیپ چیکنگ ودیگر سیکیورٹی فرائض میں بلٹ پروف جیکٹس، ہیلمٹ کے استعمال کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں کو جدید اسلحے ودیگر تمام ضروری آلات سے لیس کیے جانے کے حوالے سے اقدام کوبھی یقینی بنایاجائے ۔ ادھرکراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات نے کہاہے کہ شہراس وقت انتہائی مشکل دورسے گزررہا ہے، سب کومل کرملزمان کے خلاف کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کراچی پولیس میڈیاسیل سے جار ی ہونے والے اعلامیے کے مطابق شاہدحیات نے جمعے کوشارع فیصل عوامی مرکزکے قریب مفتی عثمان یارخان سمیت 3افراد اورایکسپریس نیوزچینل کی ڈی ایس این جی وین پر فائرنگ کے واقعے میں 3کارکنان کی شہادت پران کے اہلخانہ اوردوستوں سے دلی تعزیت کرتے ہوئے اس عزم کااظہار کیاکہ تمام شہداکے قاتلوں کو جلدسے جلدگرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ انھوں نے کہاکہ کراچی اس وقت انتہائی مشکل دورسے گزررہا ہے۔ ہم سب کوجرائم پیشہ افرادکے خلاف مل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔ پولیس اپنے فرض سے کسی قیمت پرپیچھے نہیں ہٹے گی۔ شاہدحیات نے کہاکہ اﷲ تعالیٰ تمام مرحومین کوجنت الفردوس میں جگہ عطافرمائے۔ ملک وقوم کے لیے ان کی قربانیاں ہرگزضائع نہیں جائیں گی ۔

مقبول خبریں