لاہور:
آسٹریلیا نے انگلینڈ کو پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔
آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کرپہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا،اوپننگ بیٹسمین السٹرل کک اور آئین بیل نے ٹیم کواچھا آغاز فراہم کیا تاہم 50 کے مجموعی اسکور پر کپتان السٹرل کک 35 رنز بنا کر کولٹر نیل کا شکار بن گئے جبکہ 70 کے اسکور پر آئین بیل بھی 29 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انگلینڈ کی جانب سے مورگن 54 اور برسنین 41 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ انگلش ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 243 رنز بنا سکی۔
جواب میں آسٹریلین بلے بازوں نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پراعتماد بیٹنگ کی۔ اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ وارنر اور فنچ نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم 43 رنز پر ایرون فنچ جارڈن کی گیند پر روی بوپارا کو کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 22 رنز بنائے ، دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ڈیوڈ وارنر تھے جو 71 رنز بنا کر اسٹوکس کی گیند پر آئین بیل کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے جبکہ کپتان مائیکل کلارک 34 رنز بنا کر روی بوپارا کی گیند پر بولڈ ہوگئے، شان مارش اور وکٹ کیپر بلے باز ہیڈن نے چوتھی وکٹ پر 10 اوورز قبل ہی 244 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور شان مارش 71 ،71 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے، میچ میں بہترین کارکرگی پیش کرنے پر ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایشیز سیریز میں وائٹ واش کے بعد انگلش ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، سیریز کا چوتھا میچ 24 جنوری کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔