آزاد کشمیر اسمبلی؛ تحریک انصاف کے انوارالحق اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب

ویب ڈیسک  منگل 3 اگست 2021
آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب ممبران نے حلف اٹھالیا

آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب ممبران نے حلف اٹھالیا

 مظفر آباد: تحریک انصاف کے امیدوار انوارالحق آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر اور ریاض گجر ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔

مظفرآباد میں آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں نومنتخب ممبران اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ حلف اٹھانے والوں میں 6 خواتین بھی شامل ہیں۔ اسپیکر شاہ غلام قادر نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔ مسلم کانفرنس کے سردار عتیق احمد خان اور پاکستان پیپلزپارٹی کے جاوید اقبال بڈھانیوی حلف نہ اٹھا سکے۔

اجلاس میں تحریک انصاف کے چوہدری انوارالحق 32 ووٹ حاصل کرکے اسپیکر منتخب ہوگئے۔ اپوزیشن کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور نے 15 ووٹ حاصل کئے۔ ووٹنگ میں کل 49 اراکین نے حصہ لیا جن میں سے 2 ووٹ مسترد ہوئے۔

بعدازاں ڈپٹی اسپیکر کے لیے ووٹنگ ہوئی تو تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری ریاض 32 ووٹ حاصل کرکے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئے۔ اپوزیشن کی امیدوار نثاراں عباسی کو 15 ووٹ ملے۔

دوسری جانب وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کے چناؤ کیلئے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان سیاسی اتحاد طے پاگیا۔ وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے امیدوار کا تعلق پیپلزپارٹی سے ہوگا اور قائد حزب اختلاف بھی پاکستان پیپلزپارٹی سے ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔