نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان؛ ولیمسن سمیت کئی کھلاڑی آئی پی ایل کھیلیں گے

ویب ڈیسک  منگل 10 اگست 2021
نیوزی لینڈ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے  فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے فوٹو: فائل

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے لیکن اس میں کین ولیمسن اور روز ٹیلر سمیت کئی کھلاڑی شامل نہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے باضابطہ ٹوئٹر اکاؤنٹ میں شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق کے دورہ پاکستان اور بنگلا دیش کے لیے کیویز اسکواڈ میں کین ولیمسن اور روز ٹیلر سمیت کئی اہم نام شامل نہیں۔

دونوں ملکوں کا دورہ کرنے والی کیویز ٹیم کی قیادت کین ولیمسن کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین ٹام لیتھم کریں گے، اس کے علاوہ ٹرینٹ بولٹ، کائل جیمیسن اور لوکی فرگوسن بھی اسکواڈ میں شامل نہیں۔ ٹیم میں ان کھلاڑیوں کی عدم شمولیت آئی پی ایل کے شیڈول کی وجہ سے ہوئی ہے۔ دوسری جانب بھارت کے خلاف ٹی 20 سیریز اور ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے جس اسکواڈ کا اعلان کیا ہے اس میں سارے کھلاڑی موجود ہیں۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹام لیتھم ، کولن ڈی گرانڈ ہوم، ہینری نکولس، فن ایلن، جیکب ڈفی، اعجاز پٹیل، ہمیش بینیٹ ، میٹ ہینری، رکین رویندرا، ٹام بلنڈل، اسکاٹ کگیلن، بین سیئرز، ڈگ براس ویل، کول مک کونچی، بلیئر ٹکنر اور ول ینگ شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ مصروف ترین بین الاقوامی سیزن کے دوران کھلاڑیوں پر بوجھ کو کم کرنا ان کی پہلی ترجیح تھا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم ستمبر میں پہلے بنگلا دیش اور پھر پاکستان کا دورہ کرے گی، نیوزی لینڈ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈے انٹرنیشنلز اور پانچ ٹی 20 کھیلے جائیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔