کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیزبارش بجلی غائب

سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہونے سے زخمی ہوگئے


ویب ڈیسک September 09, 2021
بارشوں کا یہ سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے، محکمہ موسمیات ۔ فوٹو : فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہورہی ہے اور حسب روایت مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں ابرِ رحمت برس پڑی، محکمہ موسمیات کی جانب سے بدھ کی رات کو بارش کی پیش گوئی سچ ثابت ہوگئی، مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش شروع ہوگئی جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی ہوئی۔

بارش ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی حسب روایت معطل ہوگئی اور متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہونے سے زخمی ہوگئے۔

گلستان جوہر، ماڈل کالونی، اسٹار گیٹ، شارع فیصل اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔ ڈیفنس، کلفٹن، کیماڑی، برنس روڈ، صدر، گارڈن ایسٹ و ویسٹ، سولجر بازار، کریم آباد، بہادر آباد، گلشن اقبال، اسٹڈیم روڈ، دھورا جی، نارتھ کراچی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد اور لیاقت آباد سمیت دیگر علاقوں میں تیز بارش ہورہی ہے جس سے جل تھل ایک ہوگیا۔

واضح رہے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 11 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے، اور آج رات سے 11 ستمبر تک سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکار پور اور دادو اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

 

مقبول خبریں