نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کی منسوخی پر فنکاروں کا مایوسی کا اظہار

ویب ڈیسک  ہفتہ 18 ستمبر 2021
ہم ایک ایسی قوم ہیں جو پوری قوت سے واپسی  کرنے پر رکھتی ہے، فنکار فوٹوفائل

ہم ایک ایسی قوم ہیں جو پوری قوت سے واپسی کرنے پر رکھتی ہے، فنکار فوٹوفائل

کراچی: پاکستان کے دورے پر آئی نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز اچانک سیکیورٹی خدشات کا بہانہ بناکر سیریز منسوخ کرنے اور اپنے وطن واپس جانے کے فیصلے نے جہاں شائقین کرکٹ کو مایوس کیا وہیں فنکار بھی اس فیصلے پر حیران اور پریشان ہیں اور سوشل میڈیا پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔

آئیے فنکاروں کی ٹوئٹس پر ڈالتے ہیں ایک نظر۔۔۔

ہمایوں سعید نے نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے سیریز منسوخی کے فیصلے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے نیوزی لینڈ کا عجیب اور پریشان کن اقدام قرار دیا۔ انہوں نے لکھا پوری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان میں امن و امان  کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔ ہماری سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں اپنے کام میں شاندار ہیں۔ بغیر کسی ثبوت کے آخری منٹ میں میچ کی منسوخی کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ نیوزی لینڈ بورڈ کے اس فیصلے سے لاکھوں شائقین کرکٹ کو مایوسی ہوئی ہے۔

گلوکار عاصم اظہر نے اس واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہم ایک ایسی قوم ہیں جو پوری قوت سے واپسی  کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان محفوظ ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ہم اب بھی نیوزی لینڈ یا کسی دوسری قوم کو دل کھول کر خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو اس دنیا سے ہوشیار رہنا چاہئے۔ اب ٹی 20 ورلڈ کپ میں ملیں گے۔

اداکار فیصل قریشی نے بھی پاک نیوزی لینڈ سیریز کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتےہوئے کہا آخری لمحات میں نیوزی لینڈ کے کھیل سے باہر ہونے کے بارے میں سن کر بہت مایوسی ہوئی۔ لاکھوں کرکٹ شائقین آج بہت مایوس ہوئے ہیں۔

علی ظفر نے لکھا’’کرکٹ تو ہوگی‘‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔