خیبر پختونخوا میں کورونا وبا کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی میں مزید 3 ماہ کی توسیع

شاہدہ پروین  ہفتہ 18 ستمبر 2021
 وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا فوٹو: فائل

وزیر اعلی خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلامیہ جاری کردیا گیا فوٹو: فائل

 پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں کورونا کے حوالے سے ہیلتھ ایمرجنسی میں مزید 3 ماہ کی توسیع کی دے دی۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے اعلامیہ کے مطابق سیکرٹری صحت نے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز اور 2 ماہرین وبائی امراض کے مشورے پر ہیلتھ ایمرجنسی میں مزید 3 ماہ کی توسیع کی دے دی ہے۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا سے منظوری کے بعد باضابطہ سرکاری اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

ہیلتھ ایمرجنسی میں توسیع خیبر پختونخوا اپیڈیمک کنٹرول اینڈ ریلیف ایکٹ 2020 کے سیکشن 3 کے تحت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی پورے صوبے میں نافذ العمل رہے گی ۔

یاد رہے کہ 30 جون سے نافذ ایمرجنسی 30 ستمبر کو ختم ہوگی۔ ایمرجنسی میں یکم اکتوبر سے 31 دسمبر تک توسیع کا حکم نامہ جاری کیا ہے.

دوسری جانب صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی یومیہ شرح مزید کم ہوکر 2.3 فیصد ہوگئی ہے، صوبے میں کورونا کے فعال کیسز بھی کم ہوکر 7،124 ہوگئے ہیں، سب سے زیادہ یومیہ مثبت کیسز کی شرح کوہاٹ اور مالاکنڈ سے 16،16 فیصد رپورٹ ہوئی ہے، بونیر میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح 11 فیصد، مردان 10 فیصد، چترال لوئر 9 فیصد کوریج رہی ہے، پشاور اور صوابی میں یومیہ مثبت کیسز کی شرح 5،5 ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔