کوٹ لکھپت کے علاقے سے صحرائی چھپکلیوں کی غیر قانونی تجارت بڑی کھیپ پکڑی گئی

غیر قانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا


آصف محمود December 20, 2025

وائلڈلائف رینجرز لاہور نے کوٹ لکھپت کے علاقے سے صحرائی چھپکلیوں کی غیر قانونی تجارت کی ایک بڑی کھیپ پکڑی ہے۔ 100 سے زائد چھپکلیوں کی ریڑھ کی ہڈیاں توڑ کرانہیں مفلوج کر دیا گیا تھا۔

ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر لاہور عدنان ورک کی ہدایت پر میں وائلڈلائف انسپکٹر عثمان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چھپکلیاں برآمد کیں اور ایک شخص کو گرفتارکیا گیا ہے۔

وائلڈلائف رینجر کے مطابق ایک شخص کے قبضے سے 100 سے زائد صحرائی چھپکلیاں (سانڈے) برآمد کی گئیں اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم ان چھپکلیوں کو ہلاک کرکے ان سے تیل تیار کرتا تھا، جو مارکیٹ میں غیر قانونی طور پر فروخت ہوتا ہے۔

صحرائی چھپکلی، جسے عام طور پر ڈیزرٹ لیزرڈاور مقامی زبان میں سانڈہ بھی کہا جاتا ہے، وائلڈلائف ایکٹ کے تحت تحفظ شدہ ہے۔ یہ چھپکلیاں ماحول میں کیڑے مکوڑوں کی تعداد کنٹرول کرنے اور مٹی کی نمی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تاہم غیر قانونی شکار اور غیر انسانی طریقوں سے ان کی تعداد میں مسلسل کمی واقع ہو رہی ہے۔

وائلڈلائف ماہرین کے مطابق ان چھپکلیوں کو اکثر مارکیٹ میں تیل یا روایتی ادویات کے لیے پکڑا جاتا ہے۔ شکار کی یہ سرگرمیاں نہ صرف مقامی حیاتیاتی توازن کو متاثر کرتی ہیں بلکہ مقامی ماحولیات میں کیڑے مکوڑوں اور دیگر چھوٹے جانوروں کی تعداد میں غیر متوازن کمی کا سبب بنتی ہیں۔

ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر عدنان ورک نے کہا کہ غیر قانونی شکار کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور عوام کو بھی وائلڈلائف کی حفاظت میں تعاون کرنا چاہیے تاکہ مقامی انواع محفوظ رہ سکیں۔

مقبول خبریں