شہباز شریف کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں پیش رفت، اہم ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 19 ستمبر 2021
شہباز شریف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں فوٹو: فائل

شہباز شریف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت پر ہیں فوٹو: فائل

 لاہور: ایف آئی اے نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے نجی بینک کے نائب صدر کو حراست میں لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے نے شہباز شریف کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں تفتیش کے دوران عاصم سوری نامی ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عاصم سوری نجی بینک کا وائس پریذیڈنٹ اور ہیڈ آف کمپلائنس ہے، وہ بینکرز اور گواہان پر بیان بدلنے کے لیے دباؤ ڈال رہا تھا۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے بینکنگ سرکل اظہر  اور جعلی بینک اکاؤنٹس میں گرفتار ملزم عاصم سوری کے درمیان رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے ، جس کے بعد سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور کی گرفتاری کی لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اظہر ایف آئی اے کے بینکنگ سرکل کے  سربراہ رہ چکے ہیں اور اب نجی بینک میں اعلی عہدے پر تعینات ہیں، ایف آئی اے نے سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ملزم عاصم سوری کے درمیان موبائل فون کے ذریعے ہونے والی گفتگو بھی قبضے میں لے لی ہے،دونوں کے نجی بینک کے مالک کے ساتھ بھی رابطوں کو انکشاف ہوا ہے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف جعلی بینک اکاونٹس سے متعلق کیس کی تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ ن لیگ کے صدر نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔