پشاور ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے کورونا کے شکار مسافروں کی آمد میں اضافہ

احتشام بشیر  اتوار 26 ستمبر 2021
گزشتہ ایک ماہ میں بیرون ملک سے 150 سے زائد کورونا سے متاثرہ افراد پشاور پہنچے فوٹو: فائل

گزشتہ ایک ماہ میں بیرون ملک سے 150 سے زائد کورونا سے متاثرہ افراد پشاور پہنچے فوٹو: فائل

 پشاور: بیرون ملک سے آنے والے کورونا کے شکار مسافروں کی تعداد میں اضافے کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر انتظامیہ نے اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک سے آنے والے کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے، بغیر کورونا ٹیسٹ کئے مریض پشاور پہنچ جاتے ہیں، کئی بیرون ملک ایئر پورٹس پر کورونا ٹیسٹنگ کا نظام معیاری نہیں، غیر معیاری ٹیسٹ کے باعث خیبرپختونخوا اور پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جس کے باعث باچا خان ایئر پورٹ پر انتظامیہ نے اقدامات مزید سخت کر دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران بیرون ملک سے آنے والے  150 سے زائد کورونا سے متاثرہ افراد پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچے، گزشتہ روز دوحا سے پاکستان پہنچنے والے 140 مسافروں میں سے 30 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جن میں خواتین اور بزرگ شہری بھی شامل ہیں، متاثرہ افراد کو 1122 کے ذریعے قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔