وزیراعظم کا پنڈورا پیپرز میں شامل تمام پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کا اعلان

ویب ڈیسک  اتوار 3 اکتوبر 2021
کسی بھی پاکستانی شہری کی کرپشن ثابت ہوئی تو تادیبی کارروائی کریں گے، عمران خان - فوٹو:فائل

کسی بھی پاکستانی شہری کی کرپشن ثابت ہوئی تو تادیبی کارروائی کریں گے، عمران خان - فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ بڑے مالیاتی اسکینڈل ’پینڈورا پیپرز‘ میں شامل پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کی جائیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر اپنے بیان میں پینڈورا پیپرز اسکینڈل کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پینڈورا پیپرز میں اشرافیہ کی غیرقانونی طریقے سے حاصل کی گئی دولت کو ایکسپوز کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں: ’پینڈورا پیپرز‘ سامنے آگئے، 700 پاکستانیوں کی آف شور کمپنیاں نکل آئیں

وزیراعظم نے کہا کہ میری دو دہائیوں پر مشتمل جدوجہد یہ کہتی ہے کہ ممالک غریب نہیں ہوتے دراصل کرپشن غربت کا سبب بنتی ہے، پیسہ لوگوں پر نہیں لگایا جاتا، وسائل کی چوری قدر میں کمی کا باعث بنتی ہے اور غربت کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کی اموات ہوتی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان کی دولت لوٹی اسی طرح ترقی پذیر ممالک کے سربراہان کر رہے ہیں، بدقسمتی سے امیر ممالک کو اس اعلیٰ سطح چوری کو روکنے میں کوئی دلچسپی نہیں اور نہ ہی چوری شدہ رقم واپس کرنے میں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میری حکومت پینڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے تمام پاکستانیوں کی تحقیقات کرے گی اور کسی بھی شہری کی کرپشن ثابت ہوئی تو تادیبی کارروائی کریں گے، عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ماحولیاتی آلودگی کی طرح اس ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائے۔

خیال رہے کہ صحافیوں کی عالمی تنظیم آئی سی آئی جے تاریخ کے سب سے بڑے مالیاتی اسکینڈل ’’پینڈورا پیپرز‘‘ کو سامنے لے آئی جن میں دنیا بھر کے متعدد سربراہان مملکت، سیاست دانوں، صنعت کاروں، بیورو کریٹس، ریٹائرڈ افسران کی آف شور کمپنیاں نکل آئیں، ان افراد میں 700 پاکستانی بھی شامل ہیں۔ ان پیپرز کے مطابق 700 پاکستانی باشندے بھی اس مالیاتی اسکینڈل میں ملوث ہیں جن کی آف شور کمپنیاں ہیں۔

ان افراد میں شامل نمایاں ناموں میں وزیر خزانہ شوکت ترین، سینیٹر فیصل واوڈا، وفاقی وزیر مونس الٰہی، پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن، اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار، خسرو بختیار کے بھائی عمر بختیار، راجہ نادر پرویز، سینئر وزیر عبدالعلیم خان، سابق معاون خصوصی وزیراعظم وقار مسعود کے بیٹے کا نام بھی شامل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔