سندھ ہائیکورٹ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخاب کیخلاف درخواست پر نوٹس جاری کردیا

عدالت نے درخواست پر فریقین سے 18 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے


ویب ڈیسک November 10, 2021
عدالت نے درخواست پر فریقین سے 18 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے - فوٹو:فائل

سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات منعقد کرانے کے خلاف درخواست پر پاکستان اسپورٹس بورڈ، منسٹری آف آئی پی سی، نارملائزیشن کمیٹی سمیت پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیداران کو 18 نومبر کے لیے نوٹس جاری کردیے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات منعقد کرانے کے خلاف عنصر یونین فٹبال کلب کے مالک محمد صدیق کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، درخواست گزار نے پاکستان اسپورٹس بورڈ، منسٹری آف آئی پی سی، نارملائزیشن کمیٹی سمیت پاکستان فٹبال فیڈریشن کے عہدیداران کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کا کورنگی میں کلب واقع ہے اور جسے وہ ڈونیشن اور اپنے خرچے پر چلا رہے ہیں، مذکورہ کلب میں ہر عمر کے لوگوں کو ٹریننگ دی جاتی ہے۔

درخواست گزار نے مزید بتایا کہ یہ کلب 1988 میں نیشنل چیمپئن رہ چکا ہے، 21 اگست 2021 اور 7 اکتوبر 2021 کو جاری خطوط میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات 2022 کے حوالے سے کہا گیا ہے اور تمام کلبز کو حصہ لینے کا کہا گیا ہے جو کہ غیر قانونی ہے، سید اشفاق حسین خود کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کا صدر ہونے کا دعویٰ کرتا ہے اور انہوں نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ہیڈ کوارٹر پر قبضہ جمایا ہوا ہے۔ لہٰذا استدعا ہے کہ الیکشن سے متعلق 21اگست 2021 اور 7 اکتوبر 2021 کے لیٹر کو غیر قانونی قرار دیا جائے، سید اشفاق حسین اور محمد نوید اکرم کو فٹبال فیڈریشن کے انتخابات کرانے سے روکا جائے، نارملائزیشن کمیٹی کو فٹبال کے معاملات دیکھنے کا اہل قرار دیا جائے۔

سندھ ہائی کورٹ نے درخواست پر فریقین کو 18 نومبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔

مقبول خبریں