اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے استعمال کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 9 دسمبر 2021
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات آئندہ سال ہوں گے ، فوٹو: فائل

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات آئندہ سال ہوں گے ، فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے، تاہم ان مشینوں کا استعمال صرف میئر کی نشست پر ہونے والے انتخاب میں ہوگا۔

ووٹنگ مشینز کی فراہمی کے لیے الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو خط لکھ دیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں مئیر کےانتخاب کے لئے 800 پولنگ اسٹیشنز کے تمام پولنگ بوتھ پر الگ الگ ای وی ایم استعمال کی جائے گی۔ اس کے لیے الیکشن کمیشن کو 3100 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درکار ہیں جب کہ 800 مشینوں کو بیک اپ کے لئے رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزارت سائنس ٹیکنالوجی سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینز کے علاوہ تکنیکی معاونت بھی مانگی ہے، خط میں الیکشن کمیشن نے پراجیکٹ مینجمنٹ، سپورٹ سروسز، مشینوں کی پروڈکشن، مشینز کی ٹیسٹنگ اور کوالٹی کنٹرول مانگا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ وزارت سائنس رسک مینمجنٹ اور سیکیورٹی میکنزم سرٹی فکیشن سمیت پولنگ اسٹاف کی تربیت دے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئندہ برس ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔