قوم فکر نہ کرے حالات بہت جلد ٹھیک ہوجائیں گے نواز شریف

صرف وہی قومیں سرخرو ہوسکتی ہیں جو محنت اور لگن سے کام کرتی ہیں، نواز شریف


Monitoring Desk/Numainda Express February 22, 2014
ایک صحت مند جسم ہی تخلیقی ذہن کو پروان چڑھا سکتا ہے،شریف میڈیکل کالج کے سالانہ اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ قوم فکر نہ کرے حالات بہت جلد ٹھیک ہوجائیں گے،ایک صحت مند جسم ہی تخلیقی ذہن کو پروان چڑھا سکتا ہے۔

مقابلے کے اس دورمیں صرف وہی قومیں سرخروہوسکتی ہیں جو محنت اور لگن سے اپنے ملک کی ترقی کے لیے کام کرتی ہیں، علم کے حصول کی جستجو اپنی جگہ اہمیت رکھتی ہیں لیکن میری خواہش ہے کہ طالبعلم اچھے انسان بن کر ابھریں۔ ہم پر لازم ہے کہ ہم پیغمبر اسلامؐ کی پیروی کرتے ہوئے حقوق العباد پر توجہ دیں اور انسانی خدمت کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ شریف میڈیکل کالج کے سالانہ اسپورٹس فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ اللہ کی بعد عبادت کا دوسرا درجہ مخلوق خدا اور دکھی انسانیت کی خدمت ہے۔

اللہ اپنے حقوق کی نافرمانی پر درگزر تو کرسکتا ہے لیکن حقوق العباد کا معاملہ اس نے اپنی مخلوق پر چھوڑ رکھا ہے اس سے حقوق العباد اور انسانی خدمت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ دنیا میں اپنے کام اور پیشہ سے مکمل ذمے داری کامیابی کا زینہ ہے،اس لیے میری طلبا کو نصیحت ہے کہ اپنے پیشہ اور اس سے جڑے فرائض کوانتہائی ایمانداری سے نبھائیں اور انسانی خدمت کیلیے اپنی بہترین خدمات پیش کریں۔ اسی میں دین اور دنیا کی بھلائی ہے ۔ایکسپریس نیوز کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ میں خود بھی کرکٹ کھیلتا رہا ہوں اور کرکٹ سے اب بھی بہت لگاؤ ہے۔ مجھے کھیل صرف اس لیے پسند نہیں کہ وہ آپ کو صحتمند رکھتا ہے بلکہ اس لیے بھی کہ کھیل آپ کو قابل قدر مقابلے کا موقع فراہم کرتا ہے جو عمدہ کردار کی ضمانت ہے۔

مقبول خبریں