ترین گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کردی

ویب ڈیسک  ہفتہ 2 اپريل 2022
(فوٹو: فائل)

(فوٹو: فائل)

 لاہور: جہانگیر ترین گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان کردیا۔

اس بات کا اعلان ترین گروپ نے حمزہ شہباز کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر ترین گروپ کے رہنما نعمان لنگڑیال اور دیگر موجود تھے۔

دوران پریس کانفرنس نعمان لنگڑیال نے کہا کہ ترین گروپ حکومت میں رہ کر بھی اپوزیشن کا کردار ادا کررہا تھا، جہانگیر ترین کے پی ٹی آئی پر بے شمار احسانات ہیں، اپوزیشن کوشش کررہی ہے کہ ملک کی بہتری کے لیے قدم بڑھائے جائیں۔

رہنما ترین گروپ نے کہا کہ جہانگیر ترین پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا، ان کے بیوی بچوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب اسے بنایا گیا جس نے کرپشن کو فروغ دیا، پارٹی کو نقصان پہنچایا، امید ہے حمزہ شہباز وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہوکر صوبے کی خدمت اور کرپشن کے ریکارڈ ختم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب اسمبلی کااجلاس ملتوی،وزیراعلی کے انتخاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی

حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے ریٹ وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں طے ہوتے رہے، عوام کے گھروں میں بے روزگاری نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، عمران خان نے لوگوں کو بے گھر کیا اور اپنا بنی گالہ ریگولرائزڈ کرالیا، اپنے ساتھیوں کی مدد سے پنجاب کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالیں گے۔

حمزہ شہباز سے ترین گروپ کے 16 ارکان اسمبلی کی ملاقات

پریس کانفرنس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور اپوزیشن کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے امیدوار حمزہ شہباز سے ترین گروپ کے 16 ارکان اسمبلی نے ملاقات کی۔

ملاقات میں نعمان لنگڑیال، اجمل چیمہ، عبدالحئی دستی، امیر محمد خان، رفاقت گیلانی، فیصل جبوانہ، سعید اکبر نوانی، طاہر رندھاوا، اسلم بھروانہ، غلام رسول، زوار وڑائچ، بلاول وڑائچ، قاسم لنگاہ، نذیر خان بلوچ، امین چوہدری اور سلمان نعیم بھی شریک تھے۔ ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز کو اپنی غیر مشروط حمایت کا یقین دلایا.

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔