دھند کے باعث میچ منسوخ، شائقین کو رقم کی واپسی سے بھارتی بورڈ کو کتنا مالی نقصان ہوگا؟

اگر میچ ایک بھی گیند کے بغیر منسوخ ہو جائے تو شائقین مکمل ریفنڈ کے حقدار ہوتے ہیں، نائب صدر بی سی سی آئی


اسپورٹس ڈیسک December 19, 2025

بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان لکھنؤ میں شیڈول چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ خراب موسم اور شدید دھند کے باعث بغیر کوئی گیند پھینکے ہی منسوخ کردیا گیا تھا۔

میچ کی منسوخی کے بعد شائقین کرکٹ نے بھارتی کرکٹ بورڈ پر خراب موسم میں میچ رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ٹکٹ ریفنڈ کرنے کا مطالبہ کیا جانے لگا۔

اس معاملے پر طویل خاموشی کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بالآخر اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔

بی سی سی آئی کے مطابق منسوخ شدہ میچ کے ٹکٹوں کی رقم واپس کرنا براہِ راست بورڈ کی ذمہ داری نہیں بلکہ یہ کام میزبان ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشن یعنی اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن (یو پی سی اے) انجام دے گی۔

بھارتی بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا کہ اگر میچ ایک بھی اوور کے بغیر منسوخ ہو جائے تو شائقین مکمل ریفنڈ کے حقدار ہوتے ہیں، تاہم اس عمل کی نگرانی اور ادائیگی ریاستی ایسوسی ایشن کرتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میچ کے لیے ہزاروں شائقین نے ٹکٹ خریدے تھے اور ریفنڈ کی مجموعی رقم کروڑوں روپے بنتی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کو براہِ راست مالی نقصان کا سامنا نہیں ہوگا۔

ٹکٹ کی رقم واپسی کے دوران ممکنہ طور پر آن لائن سروس چارجز یا پروسیسنگ فیس منہا کی جا سکتی ہے۔

بی سی سی آئی کے اس اعلان کے بعد شائقین کو کسی حد تک اطمینان ملا ہے، تاہم اب سب کی نظریں یو پی سی اے پر ہیں کہ وہ ریفنڈ کا عمل کتنی جلدی اور شفاف طریقے سے مکمل کرتی ہے۔

مقبول خبریں