لگتا ہے کے پی حکومت خود بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہوتی رہی چیف الیکشن کمشنر

چار پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم بھی دے دیا


ویب ڈیسک April 05, 2022
شمالی وزیرستان کے تین پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عملے کو یرغمال بنانے اور تشدد کے کیس کی سماعت۔ فائل : فوٹو

شمالی وزیرستان کے تین پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ عملے کو یرغمال بنانے اور تشدد کے کیس میں چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے کے پی حکومت خود بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہوتی رہی ہے۔

چیف الیکشن کمیشنر کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

اسپیشل سیکریٹری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ریٹرننگ افسر نے تین پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی، پولنگ عملے پر تشدد اور پولنگ کا سامان چوری ہونے کی رپورٹ دی جبکہ ریٹرننگ افسر نے تین پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی درخواست دی ہے۔

تینوں پولنگ اسٹیشنز کے پریزائڈنگ افسران بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، جہاں ایک خاتون پریزائڈنگ افسر نے کہا کہ میرے پولنگ اسٹیشن پر خواتین پولنگ ایجنٹوں نے حملہ کیا اور مجھے جان بچا کر بھاگنا پڑا۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان الیکشن کمیشن میں بھی پیش ہوئے، چیف الیکشن کمیشنر نے استفسار کیا کہ آپ کیسے ریٹرننگ افسر ہیں کہ ڈی سی ہونے کے باوجود آپ عملے کو تحفظ فراہم نہ کر سکے، خاتون پریزائڈنگ افسر کا بیان سن کر رونا آ رہا ہے۔

اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ صوبائی وزیر ریلیف کے خلاف ہنگامہ آرائی کی شکایات آئیں، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ نے صوبائی وزیر کے خلاف کارروائی کی؟ لگتا یہ ہے کہ صوبائی حکومت خود انتخابات پر اثر انداز ہوتی رہی ہے۔

الیکشن کمیشن نے تینوں پریزائڈنگ افسران کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی وزیر اور اس کے بھائی کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ چار پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم دے دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے