کراچی میں امریکی نژاد خاتون کو دوران ڈکیتی زخمی کرنے والا دوسراملزم بھی گرفتار

ویب ڈیسک  بدھ 6 اپريل 2022
—فائل فوٹو

—فائل فوٹو

 کراچی: سچل پولیس نے ڈکیتی کے دوران امریکی نژاد خاتون کو مزاحمت پر زخمی کرنے والے دوسرے ملزم کو بھی گرفتار کرلیا۔ 

سچل پولیس اور مبینہ ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ڈکیتی میں مزاحمت پر امریکی شہریت رکھنے والی غزالہ نامی خاتون کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے والے دوسرے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

اس حوالے سے ایس ایچ او سچل اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ واردات میں ملوث ایک ڈکیت غلام عباس عرف قلب عباس کو پولیس پہلے ہی جناح ہسپتال سے زخمی حالت میں گرفتار کر چکی ہے جبکہ واردات کے بعد اس کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

انھوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ ماہ 27 مارچ کی شب مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود میں اس وقت پیش آیا جب خاتون ایئر پورٹ سے اپنی رہائش گاہ جا رہی تھیں اور کار سوار 4 ڈاکوؤں نے انھیں یرغمال بنا کر نقدی، غیر ملکی کرنسی اور پاپسورٹ سمیت دیگر سامان چھین کر فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق واردات کا مقدمہ مبینہ ٹاؤن تھانے میں درج ہے تاہم آپریشن اور انویسٹی گیشن پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے دوسرے ملزم شاہ زیب کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 2 ساتھیوں کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

انھوں ںے بتایا کہ گرفتار ڈکیت عباس ٹاؤن اور اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں جبکہ پولیس نے خاتون کا پاسپورٹ اور دیگر سامان کے علاوہ اسلحہ اور واردات میں جعلی نمبر پلیٹ لگا کر استعمال کی جانے والے سیاہ رنگ کی کار بھی برآمد کرلی ہے جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہوتے ہوئے مختلف کلوز سرکٹ کیمروں میں دکھائی دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔