فراغت سے پریشان وسیم خان کو ملازمت کی تلاش

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 9 اپريل 2022
پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آئی سی سی میں جنرل منیجر بننے کوبھی تیار۔ فوٹو: پی سی بی

پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آئی سی سی میں جنرل منیجر بننے کوبھی تیار۔ فوٹو: پی سی بی

 لاہور:  فراغت سے پریشان وسیم خان کوبدستورملازمت کی تلاش ہے جب کہ پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹیو آئی سی سی میں کمتر عہدے جنرل منیجر پر بھی کام کرنے کو تیار ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں چیف ایگزیکٹیو کی مسند پر بٹھائے جانے والے وسیم خان کو سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے اپنے بھی بیشتر اختیارات سونپ دیے تھے،انگلینڈ سے بلاکر عہدے پر فائز کیے جانے والے سی ای او نے پی سی بی کی ایک طاقتور شخصیت کے طور پر مختلف ملکوں میں گھومنے پھرنے کے سوا پاکستان میں بھی اختیارات کے لطف اٹھائے، رمیز راجہ نے بورڈ کی کمان سنبھالی تو ان کو استعفٰی دینا ہی پڑ گیا،اب ایک عرصے سے ان کو نئی ملازمت کی تلاش ہے۔

ذرائع کے مطابق انھوں نے آئی سی سی میں جنرل منیجر کی پوسٹ کیلیے درخواست جمع کرا دی ہے، ان کا نام شارٹ لسٹ میں بھی شامل ہے،وسیم خان کا انٹرویو آئندہ ہفتے دبئی میں ہوگا،ان کے مقابل دوسرے امیدوار سابق ویسٹ انڈین بیٹر ایڈرائن گریفتھ ہیں۔

یاد رہے کہ جیف ایلر ڈائس کو چیف ایگزیکیٹو آئی سی سی کی پوسٹ پر ترقی دیے جانے کے بعد سے جی ایم کی پوسٹ خالی ہے، ایلر ڈائس نے 8سال تک اس عہدے پر کام کیا تھا۔

اس سے قبل وسیم خان انگلش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹام ہیریسن کی جگہ لینے کیلیے بھی کوشاں تھے،البتہ اگر آئی سی سی میں بطور جی ایم ان کا تقرر ہوگیا تو وہ اس دوڑ سے باہر ہوجائیں گے،انگلش بورڈ کے عہدے کیلیے دیگر امیدواروں میں جونی گریو،گائے لیونڈر، رچرڈ بیون،کلیری کونر اور نیل سنوبال شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔