گورنر سندھ عمران اسماعیل نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

ویب ڈیسک  پير 11 اپريل 2022
کسی چور ڈکیت کو پروٹوکول نہیں دے سکتا، عمران خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے استعفے کا اعلان کرتا ہوں، گورنر سندھ. فوٹو:فائل

کسی چور ڈکیت کو پروٹوکول نہیں دے سکتا، عمران خان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے استعفے کا اعلان کرتا ہوں، گورنر سندھ. فوٹو:فائل

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا اور اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردیا ہے۔ 

اس سے قبل گورنر عمران اسماعیل نے عمران خان سے اظہار یکجہتی اور نئی حکومت کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہباز شریف کے وزیر اعظم منتخب ہوتے ہی وہ عہدہ چھوڑ دیں گے کیوں کہ وہ کسی صورت شہباز شریف کو ’سر‘ نہیں بول سکتے  کیونکہ ان کے ’چپڑاسی مقصود‘ کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے تھے اب وزیراعظم بن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ شہبازشریف کو وزیراعظم نہیں مانتے اور گورنر ہاؤس سے ذاتی رہائشگاہ شفٹنگ کا عمل ایک دو روز میں مکمل ہوجائے گا، مستعفی گورنر سندھ نے اپنے استعفے میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بیرونی سازش کا ذکر کیا ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ رات بارہ بجے عدالتوں کے دروازے کھل گئے، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کے باہر قیدیوں کی گاڑی کھڑی کی گئیں، ہمیں دھمکا جارہا تھا، عمران خان کراچی کی وجہ سے وزیر اعظم بنے اور یہی ان چور ڈکیتوں سے برداشت نہ ہوا، شہباز شریف چاہتے ہیں کہ ساری قوم امریکا کے آگے جھک جائے، لیکن آج پورا پاکستان اردگان کی طرح عمران خان کے لیے باہر نکل آیا ہے، وعدہ کریں جب عمران خان کال دیں باہر نکلیں گے۔  گورنر عمران اسماعیل نے  مظاہرین کے ساتھ مل کر تحریک انصاف کا لائیو ترانہ گایا میرا باس عمران خان ہے ایسی گورنری پر لعنت بھیجتا ہوں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔