جرمنی نے اسرائیل کے ساتھ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ایرو تھری (Arrow 3) میزائل دفاعی نظام کے معاہدے میں مزید توسیع کی منظوری دے دی ہے۔
جرمن پارلیمنٹ نے اس توسیعی معاہدے کے لیے 3.1 ارب ڈالر کی منظوری دی، جس کے بعد اس دفاعی ڈیل کی مجموعی مالیت تقریباً 6.5 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔
اسرائیلی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ معاہدہ تقریباً دو سال قبل طے پانے والے ابتدائی معاہدے کا تسلسل ہے، جس کی مالیت 3.5 ارب ڈالر تھی۔
وزارتِ دفاع نے کہا کہ ایرو تھری میزائل سسٹم کا نیا معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔
جرمنی اس معاہدے کے بعد اسرائیل کی تاریخ کا سب سے بڑا دفاعی برآمدی معاہدہ مکمل کرنے والا شراکت دار بن گیا ہے۔
یاد رہے کہ جرمنی، امریکا کے بعد اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ جرمن حکومت نے حال ہی میں اسرائیل کو اسلحے کی برآمدات پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا، جس کی وجہ غزہ میں جنگ بندی اور خطے میں سفارتی پیش رفت بتائی گئی۔