33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث محکمہ صحت پنجاب کا سینئر کلرک گرفتار

محمد نواز کے اثاثہ جات کی مالیت 40 کروڑ روپے ہے ۔


ویب ڈیسک April 14, 2022
محمد نواز کے اثاثہ جات کی مالیت 40 کروڑ روپے ہے ۔

محکمہ صحت پنجاب میں کرپشن کا میگا اسکینڈل بے نقاب ہوگیا۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے 33 کروڑ روپے کی کرپشن میں ملوث سینئر کلرک محمد نواز کو راجن پور سے گرفتار کرلیا۔ اینٹی کرپشن کے مطابق کرپشن کی کمائی سے ملزم محمد نواز کروڑوں کی جائیداد کا مالک بن گیا۔ اینٹی کرپشن پنجاب نے کہا کہ ملزم محمد نوازنے بطور سینئر کلرک سی ای او ہیلتھ آفس راجن پور میں تعیناتی کے دوران کروڑوں کی کرپشن کی۔

2008-09 کے دوران 4 کروڑ روپے کی ناقص ادویات خریدی گئیں۔ ملزم نے 9 کروڑ روپے کی ادویات کی خریداری میں لوکل کمپنیوں کا انتخاب کیا اور بھاری کمیشن وصول کیا۔ 2012 میں طبی آلات کی فرضی خریداری سے خزانے کو 5 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔ 2012 میں ملزم نے آفس میں انٹرکام لگوانے، جنرل اسٹور آئٹمز اور اسٹیشنری کی خریداری میں 1 کروڑ 20 لاکھ روپے کی کرپشن کی۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے الزام لگایا کہ 2017-18 کے دوران ملزم نے ادویات کی خریداری میں خردبرد سے سرکاری خزانے کو 2 کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ ملزم نے سرکاری گاڑیوں کی مرمت کیلئے 30 لاکھ اکاونٹ سے نکلوائے اور کاغذی خانہ پوری کے بعد رقم ہضم کر لی۔

اینٹی کرپشن پنجاب کا کہنا ہے کہ کلرک محمد نواز نے سی ای او ہیلتھ راجن پور کی ملی بھگت سے اسٹیشنری کی خریداری میں 50 لاکھ کی کرپشن کی۔ فرنیچر کی خریداری میں ملزم نے سرکار کو 25 لاکھ روپے کا چونا لگایا۔ ملزم نے تمام کاروبار، ہاؤسنگ کالونیاں اور سونے کا بزنس کالے دھن سے کیا۔ ملزم 20 کروڑ روپے مالیت کی عالیشان کوٹھی کا ملک ہے۔ 73 لاکھ روپے مالیت کی دو لگثری گاڑیاں بھی ملزم محمد نواز کی ملکیت میں ہیں۔ محمد نواز کے خلاف انسداد بد عنوانی قانون کے تحت تھانہ اینٹی کرپشن راجن پور میں مقدمہ درج ہے۔

مقبول خبریں