کراچی سے جسم فروشی کیلئے اغوا کی جانے والی دو بہنیں ڈیڑھ ماہ بعد بازیاب

ویب ڈیسک  بدھ 20 اپريل 2022
(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

(فوٹو: ایکسپریس نیوز)

 کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد سی ایریا سے ڈیڑھ ماہ قبل 2 بہنوں کے اغوا کا معمہ حل ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لیاقت آباد پولیس نے سی ایریا سے ڈیڑھ ماہ قبل 2 بہنوں کے اغوا کا معمہ حل کرتے ہوئے 3 ملزمان گرفتار کرتے ہوئے دونوں بہنوں کو باحفاظت بازیاب کروالیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکیوں کو ملزمان نے جسم فروشی کی نیت سے اغوا کیا تھا، سی ایریا غریب نواز مسجد کے قریب رہائش پذیر شمائلہ نامی خاتون کی 2 بیٹیاں 14 سالہ (ن) اور 13 سالہ (ع) 7 مارچ کی شب 8 بجے گھر سے کچھ چیز لینے نکلی تھیں جس کے بعد وہ لاپتہ ہوگئیں تھیں۔

سپرمارکیٹ تھانے میں دونوں بہنوں کے اغوا کا مقدمہ پولیس نے 16 مارچ کو لڑکیوں کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا تھا، گزشتہ روز ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈی آئی جی ویسٹ ناصر آفتاب نے مقدمہ کے اندراج کے بعد ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف اور انویسٹی گیشن پولیس کو ہدایات جاری کی تھی کہ وہ فوری طور مغوی بہنوں کا سراغ لگا کر بازیاب کرایا جائے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل رانا معروف نے بتایا کہ اغوا کی جانے والی دونوں بہنوں کی بازیابی کے لیے پولیس مسلسل کوششوں میں مصروف تھی اور اس دوران پولیس نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران 3 ملزمان صدیق، صادق اور ممتاز کو گرفتار کر کے مغوی بہنوں کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے دونوں بہنوں کو جسم فروشی کی نیت سے اغوا کیا تھا جنھیں وہ کسی اور کو فروخت کرنا چاہتے تھے اس حوالے سے اے ایس پی لیاقت آباد محمد عثمان اور ایس ایچ او لیاقت حیات نے بتایا کہ گرفتار ملزم صدیق مغوی بہنوں کا پڑوسی ہے جو دونوں بہنوں کو بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا میں فحاشی کے اڈے پر لے گیا تھا تاہم پولیس نے موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگا کر کریم بنگالی کے اڈے پر چھاپہ مار کر دونوں بہنوں کو بازیاب کرلیا جبکہ کریم بنگالی موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش میں پولیس چھاپے مار رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔