وزیراعظم شہبازشریف کا ملک میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سخت نوٹس

حکومتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم


ویب ڈیسک May 30, 2022
حکومتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعظم ۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: وزیراعظم شہبازشریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزیروں اور وزارتوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ملک بھر میں آٹے کے ارزاں نرخوں پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور وزرا سے رپورٹ طلب کرلی ہے، جب کہ وزیراعظم نے ملک بھر میں آٹے کی قیمت حکومتی اعلان کے مطابق بنانے کے لئے سخت اقدامات کی بھی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو حکومتی نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے فوڈ سیکیورٹی، صنعت کی وزارتیں اور متعلقہ محکمے احکامات پر عمل درآمد کی رپورٹ آج ہی پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم سستا آٹا اسکیم میں گندم چوری میں ملوث فلور ملز کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاون شروع کردیا گیا ہے، صوبائی محکمہ خوراک نے سرپرائز چیکنگ، سرکاری گندم میں خوردبرد اور کم آٹا فراہمی میں ملوث 80 سے زائد فلور ملز کے خلاف کارروائی کرکے بے ضابطگیوں اور کرپشن میں ملوث فلورملز کو شوکاز نوٹس جاری کئے جب کہ متعدد فلور ملز کا کوٹہ معطل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ جن شہروں میں کارروائی کی گئی ان میں بہاولپور ڈویژن میں 28 ،لاہور میں 6 ،راولپنڈی میں 17 ،گوجرانوالہ میں 7 جبکہ رحیم یار خان میں 8 فلورملز شامل ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے