عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کیخلاف ورثا کا اپیل دائر کرنے کا امکان

کورٹ رپورٹر  منگل 21 جون 2022
عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق فیصلے کی کاپی حاصل کرلی

عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق فیصلے کی کاپی حاصل کرلی

 کراچی: معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق سابقہ بیوی نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کی کاپی حاصل کرلی۔

کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ نے پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق فیصلے کی کاپی حاصل کرلی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کاپی حاصل کرنے کا مقصد عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنا ہے۔

20 جون کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی وزیر حسین میمن نے سیکریٹری صحت کو خط لکھ کر حکم دیا تھا کہ معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ اس سے پہلے 18 جون کو شہری عبد الاحد نے معروف اینکر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کرانے کے لئے درخواست دائر کی تھی۔ جو عدالت نے منظور کرلی تھی۔

مزید پڑھیں:  عامر لیاقت کی وجۂ موت جاننے کیلئے 23 جون کو قبرکشائی کی جائے گی، محکمہ صحت

سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا تھا کہ ورثا پوسٹ مارٹم کرانا نہیں چاہتے، وہ کہتے ہیں پوسٹ مارٹم کرانے سے ان کے والد صاحب کی روح کو تکلیف پہنچے گی، ہمیں کسی پر شک بھی نہیں ہے۔

ادھر پولیس سرجن کے مطابق جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیتے تو موت کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکتیں۔ درخواست گزار شہری عبد الاحد کے وکیل بیرسٹر ارسلان نے دلائل میں کہا تھا کہ عامر لیاقت حسین کی اچانک پراسرار موت ہوئی ہے، وہ معروف ٹی وی ہوسٹ اور سیاستدان تھے، ان کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں، شبہ ہے انہیں جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا، لہذا پوسٹ مارٹم کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے۔

عدالت میں عامر لیاقت حسین کے ورثا، سرکاری وکیل اور ایس ایچ او برگیڈ پیش ہوئے تھے۔ عامر لیاقت 9 جون کو کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے تھے۔ جبکہ ان کی تدفین عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں کی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔