پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی پرواز 36 عازمین حج کو چھوڑ کر جدہ روانہ

ویب ڈیسک  منگل 5 جولائی 2022
(فوٹو: سول ایوی ایشن)

(فوٹو: سول ایوی ایشن)

اسلام آباد ایئرپورٹ سے جدہ جانے والی پی آئی اے اور سعودی ایئرلائن کی پرواز 36 عازمین حج کو چھوڑ کر روانہ ہوگئی۔

ایئرپورٹ پر پھنسے 36 عازمین حج کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عازمین حج کے مطابق صبح 10 بج کر 20 منٹ پر پرواز جانی تھی، تمام مسافر بروقت ائیرپورٹ پہنچے۔

عازمین حج کی جانب سے احتجاج اور نعرے بازی پر اے ایس ایف کو طلب کرلیا گیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر پرواز مس کر جانے والے عازمین حج تاخیر سے ایئرپورٹ پہنچے، 22 مسافروں نے پی آئی اے اور 14 مسافروں نے سعودی ایئرلائن سے جانا تھا۔

سعودی ایئرلائن کے مسافر بارش کی وجہ سے تاخیر سے ایئرپورٹ پہنچے جبکہ پی آئی اے پرواز کے مسافروں کو تاخیر سے ویزا ملا، مسافروں کو ضروری سہولیات مہیا کر رہے ہیں اور جلد کوئی حل نکل آئے گا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ویزوں میں تاخیر کے باعث مسافر نہ جا سکے اور اس میں قومی ایئر لائن کا کوئی قصور نہیں، عازمین کو ویزوں کا اجراء بروقت نہ ہونے پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی اے نے عازمین کے لیے پرواز دو گھنٹے تاخیر کا شکار رکھی لیکن پرواز میں مزید تاخیر سے سعودی حکومت کا اجازت نامہ منسوخ ہونے کا اندیشہ تھا، سعودی عرب جانے سے رہ جانے والے عازمین کا واحد حل حکومتی اجازت ہے۔

 

 

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔