ملائیشین ایئرلائن کے لاپتہ طیارے میں سفر کرنیوالے ہمارے پیاروں کے فونز ابھی تک ’’آن‘‘ ہیں، اہل خانہ

ویب ڈیسک  منگل 11 مارچ 2014
ریڈار ریکارڈ میں جہاز نے واپس کوالالمپور کا رخ کیا تھا، 40 بحری جہاز اور 22 طیارے تلاش میں ہیں، ملائشین حکام۔ فوٹو: فائل

ریڈار ریکارڈ میں جہاز نے واپس کوالالمپور کا رخ کیا تھا، 40 بحری جہاز اور 22 طیارے تلاش میں ہیں، ملائشین حکام۔ فوٹو: فائل

کوالا لمپور: ہفتے کے روز ملائیشیا سے چین جانے والے ملائشین ایئر لائن کے مسافر طیارے کی گمشدگی جہاں ایک معمہ بنی ہوئی ہے وہیں کئی مسافروں کے اہل خانہ کی جانب سے اپنے پیاروں کے موبائل فونزآن ہونے کے دعوؤں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔

چینی میڈیا کے مطابق طیارے میں سوار مسافروں میں سے 19 کےاہل خانہ نے  مشترکہ بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ جہاز میں سوار ان کے پیاروں کے موبائل فونز ابھی تک “آن ” ہیں اور انہوں نے جب بھی ان کے موبائل نمبروں پر کال کی تو وہ بچ رہے تھے۔ ملائشین ایئرلائن کےحکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے جب جہاز کے عملے کے موبائل فونز پر کال کی توکچھ کے موبائل فونز “آن ” تھے تاہم کسی نے بھی کال کا جواب نہیں دیا۔

رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز ایک مسافر کے اہل خانہ نے  ٹی وی چینل کے براہ راست پروگرام کے دوران بھی  فون کال  کی تاہم موبائل فون مسلسل بجتے رہا تاہم صورتحال اس وقت  حیران کن ہو گئی جب چینی سوشل میڈیا سائٹ “کیو کیو پروفائل” پر بھی بعض مسافروں کے اکاؤنٹس پر وہ مستقل آن لائن  نظر آئے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن ہے کہ مسافروں کے فون مسلسل بجتے سنائی دے رہے ہوں  یا وہ سوشل میڈیا پر آن لائن دکھائی دے رہے ہوں تاہم حقیقت میں وہ بند ہی ہوں گے کیونکہ بعض اوقات موبائل نیٹ ورکس فونز کی آخری جگہ کو یاد رکھتے ہیں  اور صارفین آن لائن دکھائی دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ کوالالمپور سے بیجنگ جانے والے ملائیشین ایئر لائن کے طیارے  کا رابطہ ملائیشیا اور ویتنام کے درمیان واقع سمندر پر منقطع ہوگیا تھاجس کے بعد گزشتہ 4 روز سے گمشدہ طیارے کو تلاش کے لیے کئی ممالک کی فضائیہ اور ماہرین کی ٹیمیں  مصروف ہیں تاہم اس میں ابھی تک انہیں  کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔