آسٹریلیا کے غصیلے کینگرو: لوگ باہر نکلتے ہوئے خوفزدہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 اگست 2022
آسٹریلیا کے ایک علاقے میں ایک سال میں کینگروؤں نے انسانوں پر سات حملے کئے ہیں۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے ایک علاقے میں ایک سال میں کینگروؤں نے انسانوں پر سات حملے کئے ہیں۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا میں کوئنزلینڈ فریزر کوسٹ کے پاس ایک چھوٹا سا سرسبز علاقہ ہے جہاں کے لوگ اب شام کی چہل قدمی سے خوفزدہ ہیں کیونکہ یہاں چھوٹے بڑے کینگروؤں کے حملے بڑھتے جارہے ہیں۔

یہاں تک کہ ایک گھر کے لان میں ایک ساتھ 15 کے قریب کینگرو ڈیرہ جمائے بیٹھے تھے اور کسی طرح ہلنے کا نام نہیں لیا۔ دوسری جانب قریبی پارک کی انتظامیہ نے لوگوں کو کینگرو کے حملے سے خبردار کیا ہے کیونکہ وہ آتے جاتے لوگوں پر حملہ کررہے ہیں۔

کاراوان پارک کی مینیجر کیرن سٹ کلف نے بتایا کہ ان کی بڑی تعداد ادھر ادھر پھدکتی رہتی ہے جن کا شمار محال ہے۔ انہوں ںے کہا کہ خود لوگ بہت ڈرے ہوئے ہیں اور گھر سے غیرضروری طور پر باہر نہیں نکل رہے۔ اس کے علاوہ کئی افراد ہاتھ میں چھڑی لے کر نکلتے ہیں تاکہ غضب ناک کینگروؤں کو دور رکھا جائے۔

ایک شخص نے بتایا کہ وہ شام کی واک ترک کرچکے ہیں کیونکہ یہ جانور اتنی تیزی سے قریب آتے ہیں کہ آپ چوکنا ہی نہیں ہوپاتے۔ لوگوں نے بارشوں کے بعد بڑھتی ہوئی گھاس کو بھی کم کرنا شروع کردیا ہے کیونکہ کینگرو گہرے سبزے میں گھس کر چھپ جاتے ہیں اور اچانک سامنے آجاتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ لوگوں پر کینگرو کے حملے بڑھ رہے ہیں اور محکمہ ماحولیات کے مطابق ایک سال میں سات حملوں کے واقعات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ حال ہی میں کینگرو نے حملہ کرکے ایک 67 سالہ خاتون کی ٹانگ توڑڈالی تھی۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ نر کینگرو ہی حملے کرتے ہیں لیکن اب واقعات میں مادہ کینگرو بھی برابر کی شریک ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو سختی سے منع کیا ہے کہ وہ ان جانوروں کو کچھ بھی نہ کھلائیں تاکہ انہیں قریب آنے کا موقع نہ مل سکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔