پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی، 100انڈیکس نفسیاتی حد سے نیچے آگیا

اسٹاف رپورٹر  پير 22 اگست 2022
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 کراچی: سیاسی عدم استحکام اور شرح سود میں ممکنہ اضافے کے پیش نظرپاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتہ کے آغاز پرمندی کا رجحان رہا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیر کو اسٹاک مارکیٹ میں مندی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی 43000پوائنٹس کی نفسیاتی حد بھی گرگئی۔

رپورٹ کے مطابق 75فیصد حصص کی قیمتیں گرنے سے سرمایہ کاروں کے 67 ارب 21کروڑ 49لاکھ 71ہزار 19روپے ڈوب گئے، کاروباری دورانئیے میں ایک موقع پر 47پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن اس دوران فوری منافع کے حصول کے رحجان کے سبب جاری تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 443.99پوائنٹس کی کمی سے 42826.66پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 166.41 پوائنٹس کی کمی سے 16232.25، کے ایم آئی 30 انڈیکس 544.29پوائنٹس کی کمی سے 70769.06 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 178.89پوائنٹس کی کمی سے 21590.48 پر بند ہوا۔

رپورٹ کے مطابق کاروباری حجم گذشتہ جمعہ کی نسبت 37فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 19کروڑ 46لاکھ 67ہزار 559 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 329 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 66 کے بھاؤ میں اضافہ 245 کے داموں میں کمی اور 18 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں رفحان میظ کے بھاؤ 339.99 سے بڑھکر 10000روپے اور سفائر فائبر کے بھاؤ 79.19روپے سے بڑھکر 1206.69 روپے ہوگئے جبکہ کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ 64.99روپے سے گھٹ کر 2335.01روپے اور پاک سروسز کے بھاؤ 85روپے سے گھٹ کر 1270روپے ہوگئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔