کراچی؛ فلائی اوورز، پیڈسٹرین برجز اور پبلک پراپرٹیز سے سائن بورڈز ہٹانے کا حکم

کورٹ رپورٹر  بدھ 26 اکتوبر 2022
سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا حکم دیدیا (فوٹو فائل)

سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا حکم دیدیا (فوٹو فائل)

 کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کراچی میں فلائی اوورز، پیڈسٹرین برجز اور تمام پبلک پراپرٹیز سے سائن بورڈز ہٹانے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے سندھ حکومت، کے ایم سی اور تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو 15 نومبر کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس عرفان سعادت خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ کے روبرو اشتہاری کمپنیز کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں  عدالت نے بل بورڈز اور ہورڈنگز کیخلاف موثر کارروائی کا حکم دے دیا۔

جسٹس عرفان سعادت خان نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق بل بورڈز کیخلاف کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی غیر قانونی بورڈز لگوانے والے سرکاری افسران کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ناظر مقرر کرکے شہر بھر میں کارروائیوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اشتہاری کمپنیز نے بل بورڈز پر کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ٹیکس لیوی کے خلاف عدالت سے رجوع کررکھا ہے جب کہ سپریم کورٹ نے 17 اکتوبر 2018ء کو پبلک پراپرٹیز، اوور ہیڈ برج، پیڈ اسٹرین برجز اور سروس لائنز پر بل بورڈز، ہورڈنگز اور پینافلیکس نہ لگانے کا حکم دیا تھا۔ سندھ ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرنے کا حکم دیدیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔